
مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز شریف نے ثاقب نثار کےبیٹے کی مبینہ آڈیو لیک کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ طاقت کے نشے میں فرعون بنے بیٹھے لوگ کیسے اپنی طاقت کا غلط استعمال کررہے ہوں گے۔
تفصیلات کےمطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز شریف نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب کی مبینہ آڈیو لیک کے معاملے پرردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف خاموش ہے مگراللہ تعالیٰ کی قدرت کہ اس کے خلاف سازش کرنے والے سازشیوں کا گھناؤنا چہرہ اور گٹھ جوڑ ہر روز رسوا ہو رہا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ جن کے ریٹائر ہوکر یہ حالات ہیں ، سوچیں جب وہ طاقت کے نشے میں اپنی کرسیوں پر وقت کے فرعون بنے بیٹھے تھے تو کس طرح اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کررہے ہوں گے، انصاف کی سب سے بڑی کرسی پر بیٹھنے والے ریاست کی تقدیر کے فیصلے ساسوں، دامادوں اور بچوں کو خوش کرنے کی خاطر یا ان کے مالی مفادات کی خاطر کررہے ہیں۔
https://twitter.com/x/status/1652260550854729732
رہنما ن لیگ نے اپنے بیان میں سابق وزیراعظم عمران خان کو بھی تنقید کی زد میں لپیٹتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو ملک پر مسلط کرنے والے پاکستان کے مجرم اور قرار واقعی سزا کے مستحق ہیں، ریاست انصاف کی منتظر ہے، آج تک دنیا کی تاریخ میں کسی ریاست کے ساتھ ایسا گھناؤنا عدالتی مذاق نہیں ہوا ہوگا۔
https://twitter.com/x/status/1652258213578899457
خیال رہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کےبیٹے نجم ثاقب کی ایک مبینہ آڈیو لیک سامنے آئی ہے جس میں وہ پی ٹی آئی کا ٹکٹ ملنے والے امیدوار کو مبارکباد دیتے ہوئے سنائی دیتے ہیں، آڈیو لیک میں نجم ثاقب اس ٹکٹ ہولڈر سے "ایک بیس" دلوانے کا مطالبہ کرتے ہوئے بھی واضح طور پر سنے جاسکتے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/7maryamanawaztttt.jpg