لاہور: نجی ہوٹل میں سالگرہ، تیزاب ملا پانی پینے سے بچوں کی حالت تشویشناک

party-lahore-hotel-police.jpg


لاہور کے مشہور گریٹر اقبال پارک میں بنے نجی ہوٹل میں سالگرہ کی تقریب ہوئی جس میں ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے دیا گیا تیزاب ملا تھا، تیزاب ملا پانی پینے سے متعدد بچوں کی حالت تشویشناک ہونے پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے لاری اڈہ کے قریب واقع نجی ہوٹل میں قیام پذیر فیملی نے مینارپاکستان پارک (گریٹراقبال پارک) میں واقعہ ہوٹل میں سالگرہ کی تقریب رکھی جس میں شامل افراد تیزاب ملے پانی کے استعمال سے جھلس گئے۔

پولیس کے مطابق شہری عادل نے لاری اڈہ پولیس کو مقدمے کے اندراج کی درخواست دی جس میں بتایا کہ گریٹر اقبال پارک میں واقع نجی ریستوران میں پانی پینے اور استعمال کرنے سے اس کے بھتیجے اور بھانجی کی حالت بگڑ گئی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ بھتیجے احمد کا ہاتھ پانی سے دھلوایا گیا تو اس کا ہاتھ جھلس گیا جب کہ ڈھائی سالہ وجیہہ کو پانی پلایا تو اس کی حالت غیر ہو گئی۔ مدعی مقدمہ نے بتایا کہ پانی اس کے کزن احسن کے ہاتھ اور پاؤں پر بھی گرا، جس سے اس کے جسم پر چھالے بن گئے۔

واقعے کے فوراً بعد بچوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں علاج معالجے کے بعد ڈاکٹروں نے بچوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی۔

اُدھر ترجمان لاہور پولیس کے مطابق حکام نے ذمے داروں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کردی ہے جب کہ مقدمہ درج کیے جانے کے بعد نجی ہوٹل کے منیجر کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور تفتیش کا عمل جاری ہے۔