لاہور ہائیکورٹ نے اختیارات سے تجاوز اور مس کنڈکٹ پر 3ججز کو برطرف کر دیا

court-khr-pakistan-pptr.jpg


چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی زیر صدارت انتظامی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کرپشن، اختیارت سے تجاوز اور مس کنڈکٹ پر ماتحت عدلیہ کے 3ججز کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا جبکہ4ججز کیخلاف محکمانہ انکوائریاں ختم کرنے کی منظوری دی گئی۔

کرپشن اور مس کنڈکٹ پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لیہ نصر علی ، مس کنڈکٹ پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ٹیکسلا حیدر امین اور سول جج جنید اقبال کو ملازمت سے برطرف کیاگیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج ناروال رانا طارق محمود انجم، سینئر سول جج ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد سلیم، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور تنویر اکبر اور سول جج ماڈل ٹاون لاہور عاطف رشید خان کیخلاف بھی محکمانہ انکوائریاں ڈراپ کردی گئی ہیں۔

علاوہ ازیں 6 ججز کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے عہدے پر اصل سنیارٹی بحال کر دی گئی۔ جن میں محمد یوسف ہنجرا، شمس حسنین خاں سیال، ذوالفقار احمد، حسن اکمل قریشی، نور محمد اور عابد زبیر شامل ہیں۔