مسائل کے باوجود پاکستان کے کونسے صوبے کے لوگ سب سے زیادہ خوش ہیں؟ سروے

pakistan-zinda-bad.jpg


پاکستان کے صوبے خیبر پختو نخوا میں خوش رہنے والے افراد کی شرح پاکستان کے دیگر صوبوں کی نسبت زیادہ ہے۔

گیلپ پاکستان نے عوام کی آرا پر مبنی نیا سروے جاری کردیا جس کے مطابق ملک میں پاکستان کے صوبوں میں سب سے زیادہ خوش افراد کی شرح خیبرپختونخوا میں نظر آئی جہاں 73 فیصد افراد نے خوش ہونے کا کہا۔

سروے میں بتایا گیا ہے کہ 65 فیصد پاکستانیوں نے تمام مسائل کے باوجود خوش ہونے کا کہا ہے جبکہ 23 فیصد نے ناخوش ہونے کا بتایا۔سروے کے مطابق پاکستانیوں نے خوش ہونے میں پڑوسی ملک بھارت اور افغانستان کو پیچھے چھوڑ دیا کیوں کہ بھارت میں 61 فیصد تو افغانستان میں 45 فیصد نے خوش ہونے کا کہا۔

پاکستان کے تمام صوبوں کا موازنہ کیا جائے تو سب سے کم پنجاب کے لوگ خوش ہیں جہاں سے یہ شرح 62 فیصد ریکارڈ کی گئی، اس کے بعد بلوچستان کے 66 فیصد، سندھ کے 68 فیصد اور خیبرپختونخوا کے 73 فیصد لوگ اپنی زندگی میں درپیش مسائل کے باوجود خوش ہیں۔

یہ رپورٹ ایک حالیہ سروے کے نتیجے میں سامنے آئی جس میں پاکستان سمیت 44 ممالک کے شہریوں نے رائے دہی کی جس میں 41 ہزار افراد نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔ یہ سروے گیلپ پاکستان اور گیلپ انٹرنیشنل کی جانب سے کرایا گیا۔

ریسرچ کے مطابق پاکستانیوں میں خوشی کا نیٹ اسکور 42 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اگر اس کا مختلف سالوں سے موازنہ کیا جائے تو مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں سال 2016 کے دوران خوشی کا نیٹ اسکور 71 فیصد کی بلند ترین سطح پر تھا جو کہ 2017 میں 48 فیصد تھا۔

تحریکِ انصاف کی حکومت کے آنے پر 2018 میں اس نیٹ اسکور میں بہتری دیکھی گئی اور اسے 65 فیصد ریکارڈ کیا گیا تھا مگر 2020 میں یہ 40 فیصد پر آ گیا تھا تاہم اب خوشی کا نیٹ اسکور 42 فیصد ہے۔