ملک بھر میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح کتنے فیصد ریکارڈ؟ ادارہ شماریات

shehbaz-inflation-govt-42.jpg


قومی ادارہ شماریات نے ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کردی۔ ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں مجموعی ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 0.58 فیصد کمی کے بعد 42.70 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے انڈے 8 روپے 98 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے، دال مونگ 6 روپے 41 پیسے، دال چنا 4 روپے اور دال ماش 3 روپے 29 پیسے مہنگی ہوئی۔

زندہ مرغی کی قیمت 4 روپے 56 پیسے فی کلو بڑھی، چائے کی پتی، دہی، دودھ، بریڈ اور آلو کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جب کہ لہسن، بیف، مٹن اور چاول بھی مہنگے ہوئے۔

نیشنل بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے مطابق 20 کلو آٹے کا تھیلا 51 روپے 75 پیسے مہنگا ہو کر ایک ہزار 298 روپے کا ہوگیا۔ گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 297 روپے بڑھنے کے بعد 3 ہزار 84 روپے پر پہنچ گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے سولہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا جب کہ 9 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ پیاز کی قیمت 73 روپے فی کلو کم ہوئی، ٹماٹر 14 روپے 46 پیسے سستا ہوا جبکہ گھی کی فی کلو قیمت تقریباً 3 روپے کم ہوئی۔