کراچی ٹیسٹ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی جارحانہ اننگز پر وزیراعظم نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے سیاسی صورتحال پر اپنے اندر کی بات کہہ دی۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم نے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کو بہترین کھیل پیش کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ رضوان اور عبداللہ شفیق نے اچھی کارکردگی دکھائی۔
اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ بہترین فائٹ بیک پر بابر اعظم کو مبارکباد دیتا ہوں، قومی ٹیم بھی مبارکباد کی مستحق ہے جس نےشاندار کھیل پیش کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ بدقسمتی سے یہ ٹیسٹ میچ نہیں دیکھ سکا کیونکہ میچ فکسنگ کیخلاف دوسرے محاذ پرجنگ لڑرہا ہوں، جہاں میرےکھلاڑیوں کولالچ دینے کےلیے بھاری معاوضے کی پیشکش کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز اپوزیشن کی جانب سے حکومتی ارکان کو سندھ ہاؤس میں چھپا کر رکھنے کا انکشاف ہوا تھا۔جب وزیر اعظم نے سوات جلسے میں سندھ ہاؤس میں ضمیر فروشی کا ذکر کیا تو ان کا اشارہ اسی طرف تھا۔
اپوزیشن نے جن ارکان کو چھپایا ، حکومت کو ان کے نام پتا چل گئے ہیں، مذکورہ ارکان میں 3 خواتین ایم این ایز بھی شامل ہیں، پیپلز پارٹی نے اسی سبب سے سندھ ہاؤس میں سندھ پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کر رکھی ہے۔
دوسری جانب حکومت نے ارکان کی رضا کارانہ واپسی کے لیے اپوزیشن سے بیک ڈور رابطے بھی کیے ہیں، حکومت نے اپوزیشن کو پیغام دیا کہ ان کے ارکان رضا کارانہ طور پر واپس کیے جائیں، اگر ارکان واپس نہ کیے گئے تو پھر طاقت کا استعمال کر کے ارکان کو بازیاب کرایا جائے گا۔