نوازشریف نے شہبازشریف کابینہ سے متعلق خبروں کو پراپیگنڈا قرار دے دیا

5shahbaziotyb%3Dnawazo.jpg

مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد اورسابق وزیراعظم نوازشریف نے شہبازشریف کابینہ بالخصوص وزیراعظم شہبازشریف اور وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل سے متعلق گردش کرتی خبروں اور پروپیگنڈا کو مسترد کر دیا۔

نوازشریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ذاتی اکاؤنٹ سے ایک ٹوئٹ کیا ہے کہ "وزیراعظم شہبازشریف کے بارے میں مجھ سے منسوب منفی تبصرے گمراہ کن اور غلط ہیں۔ مجھے امید ہے کہ انتہائی مشکل حالات میں شہباز شریف کی مخلصانہ اور انتھک کوششیں ثمر آور ہوں گی اور وہ ملک کو عمران خان کے پیدا کردہ بحران سے نکالیں گے"

https://twitter.com/x/status/1562871315568009218
یاد رہے کہ چند روز قبل معروف تجزیہ کار اور اینکرپرسن سہیل وڑائچ کی نوازشریف سے لندن میں ملاقات ہوئی جس کے بعد مذکورہ صحافی نے ایک نجی چینل کے پروگرام میں دعویٰ کیا کہ نوازشریف، شہبازشریف اور مفتاح اسماعیل سے خوش نہیں ہیں۔

ملاقات کے حوالے سے سہیل وڑائچ کا کہنا تھا کہ نواز شریف معاشی پالیسوں سے بالکل مطمئن نہیں اور وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی کارکردگی انہیں بالکل نہیں بھا رہی، انہوں نے بار بار کہا کہ میں نے تو پہلے ہی کہا تھا کہ حکومت نہ لیں اور الیکشن کی طرف جائیں۔

https://twitter.com/x/status/1562842612234473472
سہیل وڑائچ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایسا لگتا ہے کہ نواز شریف نے ذہن بنالیا ہے کہ اگر کوئی معاشی پالیسی وہ چاہتے ہیں تو وہ اسحاق ڈار ہی کے ذریعے ہوگی، وہ مفتاح اسماعیل پر اعتماد نہیں کررہے اور سمجھتے ہیں کہ وزیرخزانہ کو معاشی پالیسیوں کا اتنا علم نہیں۔