نواز شریف عدالت کے سامنے سرینڈر کر دیں گے: شاہد خاقان عباسی

shhaid-khaqan-abbasi-ppt-nawaz.jpg


مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف اپنے وقت پر وطن واپس آ جائیں گے اور عدالت کے سامنے سرینڈر کر دیں گے، اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’پروگرام سوال یہ ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان نے کہا نواز شریف کی واپسی کی تاریخ جاوید لطیف ہی دے سکتے ہیں۔

پنجاب اور خیبر پختونخوا انتخابات ازخود نوٹس پر انہوں نے کہا کہ لارجر بینچ نے چوتھا سوال بھی رکھ دیا اسمبلیوں کی تحلیل درست ہوئی یا نہیں؟ لیکن سوال ذمہ داری کا ہے کہ کیا موجودہ حالات میں اسمبلی توڑنا درست تھا؟ اسمبلیاں اس طرح تحلیل ہونا شروع ہو جائیں گی تو فائدہ کس کو ہوگا؟


شاہد خاقان نے کہا ہم نے عمل سے ثابت کرنا ہے کہ آئین و قانون کے مطابق چلیں گے، بدقسمتی سے ماضی میں کچھ فیصلے ایسے ہوئے جو درست نہیں تھے، الیکشن ہماری مرضی سے نہیں بلکہ آئین کے مطابق ہوں گے، الیکشن کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے صدر کی نہیں، صوبائی الیکشن میں صدر کا کوئی عمل دخل نہیں ہوتا، الیکشن کروانے سے ہمارا لینا دینا نہیں جب شیڈول آئے گا تو الیکشن لڑیں گے۔

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات میں تاخیر پر از خود نوٹس کی سماعت آج پھر ہورہی ہے، سپریم کورٹ کا نو رکنی لارجربینچ سماعت کررہاہے، پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں، اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرلز اور پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔