
وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نوجوان سوشل میڈیا کے منفی استعمال کی وجہ سے بے راہ روی کا شکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رانا ثناء اللہ نے یہ گفتگو ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس کی بحالی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی ، اجلاس میں وفاقی سیکرٹری بین الاصوبائی رابطہ کے علاوہ دیگر متعلقہ صوبائی و وفاقی محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیراعظم کی اولین ترجیحات میں محکمہ جاتی کھیلوں کا فروغ بھی شامل ہے، محکمہ اسپورٹس پالیسیاں تشکیل دیں تاکہ کھلاڑیوں کو ملازمتیں مل سکیں ،ہر ادارے کی ذمہ داری ہے کہ وہ محکمہ جاتی کھیلوں کی بحالی کیلئے اقدامات کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں مل کر ملک میں ایک کھیل دوست ماحول پیدا کرنا ہوگا تاکہ ہر فرد کھیلوں کی طرف راغب ہو،محکموں میں اسپورٹس کوٹہ مختص کرنے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں، جن قوموں کے کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں ان قوموں کے حوصلے بھی بلند ہوتے ہیں۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ سوشل میڈیا کے منفی استعمال سے نوجوان بے راہ روی کا شکار ہورہے ہیں، کھیلوں جیسی صحت مند سرگرمیاں نوجوان کو مصروف اور ان کی سوچ کو مثبت رکھے گی، کھیلوں کی ترقی سے ہم اپنی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بناسکتے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/5rananasmsmbayraqarvi.png