وزیرداخلہ شیخ رشید کا حزب اختلاف کے15 ارکان کا حکومت کے ساتھ ہونے کا دعویٰ

2sheikhdawa.jpg

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کوخیال رکھنا چاہئے 15آدمی اندرسےعمران خان کیساتھ ہیں، عدم اعتماد کی باتیں کرنے والوں کو ارکان پورے کرنا ہوں گے۔

شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ ساڑھے3 سال میں سینٹ یا قومی اسمبلی سے کوئی بھی قرارداد مسترد نہیں ہوئی، انشااللہ تعالیٰ انہیں ناکامی ہوگی، عمران خان نے کہا تھا 3 ماہ اہم ہیں ایک ماہ گزر گیا۔ اپوزیشن کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ بلاول نے کہا موسم ابر آلود ہو گا کوئی نہیں ہو گا بلاول صاحب آپ آئیں، فضل الرحمان 23مارچ کی شام کو آجائیں۔

عمران خان کیخلاف عدم اعتماد سے متعلق شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کی باتیں چھوڑ دیں، اقتدارمیں ٹائم اتنی تیزی سے گزرتا ہے پتا ہی نہیں چلتا۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہمیں احساس ہونا چاہیے قومی ذمہ داری کا خیال ہونا چاہیے، نہ دھرنے میں کچھ ہوگا نہ لانگ مارچ میں کچھ ہوگا۔


دہشت گردی کے واقعات کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ دہشت گردی میں اضافہ ہواہے، یو بی این اوربی آرایل نے ملکربی این اے بنائی ہے، ہماری فوج کی تاریخ ہے جوانوں کی شہادتیں ہوئی ہیں، انشااللہ بی این اے اور ٹی ٹی پی جو کرے گی پاک افواج اور اقوام پاکستان مل کر مقابلہ کریں گے۔

صدارتی نظام کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ ایمرجنسی ،صدارتی نظام کی کابینہ میں وزیراعظم نے کوئی بات نہیں کی، اگر کوئی وزیر ٹی وی پر کہتا ہے تو اس کا میں جوابدہ نہیں ہوں، ایمرجنسی اور صدارتی نظام کا مجھے نہیں پتا۔

پاک چین اور امریکا تعلقات کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے تعلقات امریکا اور چین سے مساوی بنیادوں پر ہوں گے ، چین ہمالیہ سے بلند دوست ہے، امریکا سپر پاور ہے ، اس سے بھی تعلقات رکھنے ہیں، ایسا نہیں ہوسکتا کہ کسی کو خوش کرنے کیلئے کسی کوناراض کردیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چین کوہمارے آئی ایم ایف جانے پر اعتراض نہیں، آئی ایم ایف جانا ہماری ضرورت ہے، اپوزیشن آئی ایم ایف جاتی تھی تو وہی باتیں ہوتی تھیں جوآج ہو رہی ہیں، آئی ایم ایف سے اس دن جان چھوٹے گی جس دن معیشت مضبوط ہوگی۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ خطے کے مستقبل کے معاملات میں بہت بڑی پیش رفت ہوگی، میں نے کہا تھا فنانس بل سینیٹ سے منظور ہوجائے گا، اب سب کو پتا چل گیا سینیٹ سے بل بھی منظور ہوتا ہے، اپوزیشن کوخیال رکھنا چاہئے 15آدمی اندر سے عمران خان کیساتھ ہیں، عدم اعتماد کی باتیں کرنیوالوں کو پتہ ہونا چاہیے بندے ان کو خود لانے ہوتے ہیں‌۔