ٹک ٹاک نے3 ماہ میں پاکستانی صارفین کی 1کروڑ 85 لاکھ سےزائدویڈیوزڈیلیٹ کردیں

11tikkntvijdjjjellt.png


گزشتہ برس 2023ء کے ماہ اکتوبر سے دسمبر کے دوران پاکستان کے سوشل میڈیا صارفین کی 2 کروڑ کے قریب ویڈیوز ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹک کی طرف سے ڈیلیٹ کر دی گئیں جس کا انکشاف کمپنی کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کیا گیا ہے۔

ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک پر روزانہ کی بنیاد پر دنیا بھر سے کروڑوں سوشل میڈیا صارفین ویڈیوز اپ لوڈ کرتے ہیں جن کے مواد کی جانچ پڑتال ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم کمیونٹی گائیڈ لائنز کے اصولوں کے تحت کرتا ہے۔

ٹاک ٹاک کی طرف سے گزشتہ برس کی چوتھی سہ ماہی کے لیے پلیٹ فارم کی طرف سے نافذ کردہ کمیونٹی گائیڈ لائنز کی رپورٹ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق ٹک ٹاک نے ماہ اکتوبر سے دسمبر 2023ء کے درمیان 17 کروڑ 46 لاکھ 1 ہزار 963 ویڈیوز کمیونٹی گائیڈ لائینز کی خلاف ورزی کرنے پر اپنے پلیٹ فارم سے ڈیلیٹ کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق ڈیلیٹ کی جانے والی ویڈیو کی تعداد اسی عرصے کے دوران ٹکٹ ٹاک پر اپ لوڈ کی گئی مجموعی ویڈیوز کے قریباً 1 فیصد کے برابر ہے جبکہ پاکستان میں اسی عرصے کے دوران 1 کروڑ 85 لاکھ 96 ہزار ویڈیو کو ڈیلیٹ کر دیا گیا۔ ٹک ٹاک کے مطابق پلیٹ فارم کی گائیڈلائنز کی خلاف ورزی کرنے والی تقریباً 95 اعشاریہ 3 فیصد ویڈیوز اپ لوڈ ہونے کے بعد 24 گھنٹوں میں ہی ڈیلیٹ کر دی گئیں۔

ٹک ٹاک کی طرف سے جاری رپورٹ کے مطابق 1 کروڑ 98 لاکھ 48 ہزار 855 ایسے اکائونٹس کو بھی پلیٹ فارم سے ہٹا دیا گیا جن کو بنانے والوں کی عمر 13 برس سے کم بتائی گئی ہے۔ ٹک ٹاک کی طرف سے کمیونٹی گائیڈ لائنز کے ساتھ ساتھ سپیم اکائونٹس اور متعلقہ مواد کو بھی ہدف بنایا گیا ہے۔

ٹک ٹاک نے خودکار طریقے سے سپیم اکائونٹس کو روکنے کے لیے احتیاطی اقدامات بھی کیے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کمپنی کی طرف سے اپ لوڈ مواد کی جانچ پڑتال کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور انسانی جائزے کا مجموعہ استعمال کیا جاتا ہے تاکہ کمپنی کی کمیونٹی گائیڈلائنز کی خلاف ورزی پر مبنی اپ لوڈ کیے گئے مواد کی نشاندہی کر کے اس کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔