
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاک فوج نے لینڈ انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ سسٹم تیار کیا ہے جس کے تحت جدید کاشتکاری کے بہت سے منصوبوں پر کام شروع ہو گیا ہے۔
پاک فوج کے ڈی جی سٹریٹیجک پراجیکٹس کی نگرانی میں ایل آئی ایم ایس سینٹر اف ایکسی لینس قائم کیا گیا ہے۔ پاک فوج کے منصوبے کے تحت ملک میں 2 ٹریلین روپے کی معاشی سرگرمیوں کے علاوہ زراعت کے شعبے میں 3 ارب ڈالر تک غیرملکی سرمایہ کاری آنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے جبکہ مقامی سرمایہ کاری بھی آئے گی۔
منصوبے کیلئے ملک بھر میں 44 لاکھ ایکڑ اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ صوبہ پنجاب میں 8 لاکھ 24 ہزار 728 ایکڑ زمین پر جدید کاشتکاری کا آغاز ہو گا جس کیلئے ابتدائی طور پر سعودی عرب 5 سو ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ تمام سرمایہ کاری سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل کے ذریعے آئیگی۔ ملکی وغیرملکی سرمایہ کاروں کو بنجر زمین آباد کرنے کی شرط پر لیز پر دینے اور 3 سال کے گریس پیریڈ بھی دیا جائیگا۔
منصوبے میں صوبہ پنجاب کے 13 لاکھ ایکڑ کے علاوہ، 13 لاکھ ایکڑ سندھ، 11 لاکھ ایکڑ کے پی کے اور 7 لاکھ ایکڑ زمین کی بلوچستان میں نشاندہی کی گئی ہے۔ منصوبے کے مطابق چھوٹے کسان کو فائدہ پہنچایا جائے گا جس کیلئے اسے معلومات وسہولیات مہیا کی جائیں گی۔ ملک بھر سے 40 لاکھ کسانوں کی معلومات جمع کی گئی ہیں جس میں رابطہ نمبرز بھی شامل ہیں۔
محکمہ زراعت پنجاب کے 37 سو ملازمین منصوبے کیلئے آن بورڈ جبکہ دیگر صوبوں کے ملازمین کو بھی حصہ بنایا جائے گا اور ملک بھر میں 2ہزار سے زیادہ لارج سکیل فارمز قائم ہونگے۔
انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے زمین، موسم، فصلوں، کیڑوں کی روک تھا، پانی کے ذخائر پر ایک چھت تلے کام ہو گا جس سے ملک میں خوراک کے بڑے ذخائر محفوظ کرنے میں مدد ملے گی۔
منصوبے میں 4 ملکوں کے کنسلٹنٹس کے علاوہ مختلف شعبوں کے ماہرین بھی شامل ہیں جن کے تعاون سے آبپاشی نظام اور جدید ٹیکنالوجی استعمال کر کے ملک میں ترقی لائی جائے گی۔
پاکستان میں گندم کی طلب 30.8ملین ٹن جبکہ حالیہ پیداوار 26.4فیصد سے کم ہے۔ ورلڈ فوڈ پروگرام کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے 36.9فیصد شہری خوراک کی کمی اور 18.3فیصد ہنگامی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔
دوسری طرف گزشتہ 10 برسوں میں کپاس کی پیداوار میں 40 فیصد کمی ہوئی، ان اقدامات کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی جس سے فوڈ سکیورٹی کی صورتحال کیساتھ معیشت بہتر ہو۔ دنیا بھر میں زیادہ تر ہائبرڈ بیج استعمال ہوتے ہیں جس سے پیداوار میں تقریباً 50 فیصد تک اضافہ ہوتا ہےجبکہ پاکستان میں 8 فیصد ہائبرڈ بیج استعمال ہوتے ہیں، بیجوں کی تعداد اس وقت 7 لاکھ ٹن اور ضرورت 17 لاکھ ٹن ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/6miltaryagricultureee.jpg