پرویز مشرف حملے کے ملزم کی رہائی کے خلاف اپیلیں خارج، ملزم کی رہائی کا حکم

musharaf%20attack%20prsss.jpg


سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق صدر جنرل پرویز مشرف پر حملے کے ملزم کو رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے رہائی کے خلاف وفاق و پنجاب کی درخواستیں خارج کردی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے جنرل(ر) پرویزمشرف پر حملے کے ملزم کی رہائی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، ملزم رانا تنویر نے سزا مکمل ہوجانے کے باوجود رہا نا کرنے کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔

دوران سماعت ملزم کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ملزم اپنی عمر قید کی سزا پوری کرچکا ہے،سزا پوری ہونے کے باوجود ملزم کو رہا نہیں کیا جارہا، 14 سال قید کی سزاکے بدلے میں رانا تنویز20 سال کی قید کاٹ چکے ہیں۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد رانا تنویر کو رہا کرنے کا حکم جاری کیا اورہائی کورٹ کے ملزم کو رہا کرنے کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے رہائی کے خلاف وفاق و پنجاب حکومت کی اپیلیں خارج کردیں۔

واضح رہے پرویز مشرف پر پنڈی حملہ کیس میں رانا تنویر کو 31دسمبر2003 میں راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں سپریم کورٹ نے انہیں 2005 میں عمر قید کی سزا سناتے ہوئے جیل بھیج دیا تھا،عمر قید کی سزامکمل ہونے کے باوجود رانا تنویر کو تاحال رہانہیں کیا جارہا۔