پیراسیٹامول قلت،قیمت میں اضافہ فوری طور پر ممکن نہیں ہے: وفاقی حکومت

panadol-medi-pak-govt.jpg


وفاقی حکومت کی جانب سے پیراسیٹامول کی قیمت میں فوری طور پر اضافے کو رد کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں سر درد اور بخار کے لیے استعمال کی جانے والی دوا پیراسیٹامول فی گولی کی قیمت میں اضافے اور قلت کے معاملے پر وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں دواساز کمپنیوں کے نمائندوں کے علاوہ سی ای او ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی عاصم رئوف نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی فارما انڈسٹری کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے گفتگو بھی کی گئی اور حکومت نے پیراسیٹامول کی قیمت میں فوری طور پر اضافے کو رد کر دیا ہے۔

پیراسیٹامول فی گولی کی موجودہ قیمت 1 روپے 70 پیسے ہے جس میں دواساز کمپنیوں کی طرف سے 98 پیسے اضافے کے بعد 2 روپے 68 پیسے مقرر کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا جس پر وزیر صحت نے کہا کہ موجودہ حالات میں ایسا ممکن نہیں ہے۔ وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل سے فارماانڈسٹری کے نمائندہ وفد کو وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کروانے کی اپیل بھی کی گئی جس پر انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کروانے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔

فارما کمپنیوں کا کہنا تھا کہ پیراسیٹا مول کادرآمدی خام مال مقامی کمپنیوں کو کم قیمت پرفراہم کریں گے، اس موقع پر مقامی کمپنیوں کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس 3 ارب روپے مالیت کا پیراسیٹامول کا خام مال موجود ہے اور اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ پیراسیٹامول مقامی مارکیٹ میں جلد ہی وافر مقدار میں دستیاب ہوگی۔ وفاقی وزیر صحت نے پیراسیٹامول کیلئے درآمدکردہ خام مال پر مراعات ختم کرنے کا اعلان بھی کیا۔

رہنما پاکستان پیپلز پارٹی اور وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے پیراسیٹامول کی قیمت میں اضافہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ مہنگائی سے پسے غریب عوام پر مزید مہنگائی کا بوجھ نہیں ڈال سکتے، ‘میں ایک سیاسی کارکن ہوں، غریبوں کی خدمت کرنا میرا فرض ہے۔عوام سے کسی قسم کی زیادتی برداشت نہیں۔ شعبہ صحت میں اصلاحات کر رہے ہیں، کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ہر وقت کوشاں رہتے ہیں۔

یاد رہے کہ پیراسیٹامول “گلیکسو اسمتھ کلائن” نامی کمپنی پاکستان میں تیار کرتی ہے اور اسے مقامی مارکیٹ میں “پیناڈول” کے نام سے فروخت کیا جاتا ہے۔ ڈینگی اور کورونا کے بڑھتے کیسز اور سیلاب کے باعث بیماریاں پھیلنے کی وجہ سے پیناڈول کی طلب میں شدید اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ پیراسیٹامول کو درد دور کرنے، بخار کنٹرول کرنے کے لیے تجویز کیا جاتا ہے جس میں ڈینگی بھی شامل ہے۔