
پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے رہنمائوں کے درمیان ایوان صدر میں مخصوص نشستوں کے کیس اور پاکستان تحریک انصاف پر پابندی کے حکومتی فیصلے کے حوالے سے اہم ترین بیٹھک ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایوان صدر میں ہونے والے اس اجلاس میں مسلم لیگ ن کی طرف سے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے علاوہ وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، عرفان قادر اور احد چیمہ شریک ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پاکستان پیپلزپارٹی کی نمائندگی سینیٹر شیری رحمان ، نیئر بخاری اور فاروق ایچ نائیک نے کی جس میں اٹارنی جنرل منصور اعوان خصوصی طور پر شریک ہوئے تھے۔ حکومتی اتحادیوں کے رہنمائوں کے درمیان یہ ملاقات ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہا جس میں اٹارنی جنرل منصور اعوان اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے حکومتی فیصلے کے قانونی نکات پر روشنی ڈالی۔
ذرائع کے مطابق اٹارنی جنرل کی طرف سے اجلاس میں شریک رہنمائوں کو مخصوص نشستوں کے کیس اور اس کے فیصلے کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی اور پیپلزپارٹی کو پی ٹی آئی کے حوالے سے کیے جانے والے فیصلوں پر اعتماد میں لیا۔ وزیر قانون اور اٹارنی جنرل کی بریفنگ پر پاکستان پیپلزپارٹی کی لیگل ٹیم کی طرف سے مستقبل میں ان فیصلوں کے اثرات بارے تشویش کا اظہار کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پیپلزپارٹی رہنمائوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو کوئی بھی فیصلہ لینے سے پہلے ان کی سیاسی جماعت کو اعتماد میں لینا چاہیے، کچھ بتائے بغیر اعلان کر دینا مناسب نہیں ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنمائوں کی طرف سے حکومت فیصلوں پر پارٹی میں مشاورت اور سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی سے توثیق لینے کا کہا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی تمام فیصلے اتفاق رائے سے کریں گے اور اس کے لیے بات چیت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا جبکہ شرکاء اجلاس نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا رویہ جمہوری نہیں ہے۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی رہنمائوں کا موقف تھا کہ پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلے تمام پہلوئوں کو مدنظر رکھ کر کیا جائے، ہم ہر قانونی وآئینی فیصلے میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/9patisbnajsksks.png