ڈالرز کی بچت؟ بنگلہ دیش میں بھارتی ڈانسر نورا فتیحی کی پرفارمنس منسوخ

nora-fathi-and-dollar-taka.jpg


ملک کی معیشت پہلی ترجیح ہے، زرمبادلہ ذخائر انتہائی کم ہیں اسی لیے معاہدہ منسوخ کیا۔ تفصیلات کے مطابق مراکشی نژاد بھارتی رقاصہ نورا فتیحی نے بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں 18 اکتوبر کو ہونے والی ایک ایوارڈ شو تقریب میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنا تھا لیکن وزارت ثقافت بنگلہ دیش نے ڈالر کی کمی کو بنیاد بنا کر ایوارڈ شو ہی منسوخ کر دیا۔ وزارت ثقافت بنگلہ دیش نے تقریب منسوخ کرنے کی تصدیق کر دی اور بتایا کہ ملک کی معیشت پہلی ترجیح ہے،

زرمبادلہ ذخائر انتہائی کم ہیں اسی لیے معاہدہ منسوخ کیا تاکہ بھارتی رقاصہ نورا فتیحی کو ڈالرز میں ادائیگی نہ کرنی پڑے۔ ترجمان وزارت ثقافت بنگلہ دیش کے مطابق نورا فتیحی کو ویمن لیڈرشپ کارپوریشن کی تقریب میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنا تھا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق 17 اکتوبر کو بنگلادیش کی وزارت ثقافت نے نورا فتیحی کا شو کو ملتوی کیا اور کہا کہ ملکی زرمبادلہ ذخائر بچانے کیلئے مشہور رقاصہ واداکارہ کا شو کینسل کیا گیا۔ وزارت ثقافت کے نوٹیفکیشن کے مطابق دنیا بھر کی معاشی صورتحال اور مرکزی بینک کی پالیسی مدنظر رکھتے ہوئے رقاصہ واداکارہ کا اجازت نامہ کینسل کیا جا رہا ہے کیونکہ انہیں ڈالرز میں ادائیگی نہیں کی جا سکتی جبکہ ابھی تک اس حوالے سے کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں کہ انہیں کتنا معاوضہ دیا جانا تھا۔

امریکی جریدے بلوم برگ میں بھی اس حوالے سے رپورٹ شائع کی گئی ہے جس کے مطابق بنگلہ دیش کے زرمبادلہ ذخائر 12 اکتوبر تک 36 ارب 90 کروڑ ڈالر تک پہنچ چکے تھے جس کی وجہ سے حکومت نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے مذاکرات کا آغاز کر رکھا ہے۔



یاد رہے کہ حال ہی میں فیفا ورلڈ کپ 2022 کے آفیشل گانے میں شامل معروف بھارتی رقاصہ نورا فتیحی آئندہ ماہ 20 نومبرکو قطرمیں فیفا کی افتتاحی تقریب میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کر رہی ہے، فیفا ورلڈکپ کا آفیشل گانا "لائٹ دی سکائے" ریلیز کیا جا چکا ہے جسے 4 خواتین نے گایا ہے جن میں مراکشی نژاد بھارتی رقاصہ نورا فتیحی کے علاوہ عراقی گلوکارہ رحمہ ریاض ، اماراتی گلوکارہ بلقیس اورڈانسر منال بھی شامل ہیں جبکہ "لائٹ دی سکائے" گانے میں انگریزی اور عربی زبان کے ساتھ ساتھ اردو کے الفاظ بھی شامل کیے گئے ہیں۔