کل بھی پی ٹی آئی کا تھا، آج بھی ہوں اور آئندہ بھی رہوں گا: مشتاق غنی

mushtaq-ghani-khan-imran-a.jpg


کل بھی پی ٹی آئی کا تھا، آج بھی ہوں اور آئندہ بھی رہوں گا: مشتاق غنی

تحریک انصاف کے سینئر رہنمائوں اسد قیصر اور عمر ایوب سے اختلاف کی خبر شائع ہونے پر وضاحت
سابق سپیکر خیبرپختونخواہ اسمبلی و نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی نے سوشل میڈیا ویب سائٹس اور نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کی ویب سائٹ پر تحریک انصاف کے سینئر رہنمائوں اسد قیصر اور عمر ایوب سے اختلاف کی خبر شائع ہونے پر وضاحت جاری کر دی ہے۔ مشتاق غنی کا کہنا تھا کہ میں کل بھی تحریک انصاف کا حصہ تھا، آج بھی ہوں اور آئندہ بھی رہوں گا، میرے خلاف کام کرنے والی لابی اپنی مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہے گی۔

مشتاق غنی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پہلے تو میں ممبر صوبائی کابینہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں اور دعا ہے کہ وہ کامیابی سے ہمکنار ہوں اور صوبے کے عوام کی خدمت کا جو بیڑا ہم نے اٹھایا ہے اس میں منتخب کابینہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی معاونت بہتر طریقے سے معاونت کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ میرے حوالے سے بہت سی چہ مگوئیاں ہو رہی ہیں اور سوشل میڈیا اور مختلف ٹی وی چینلز پر کچھ خبریں مجھ سے منسوب کی جا رہی ہے جن سے میرا دور کا بھی تعلق نہیں ہے۔ میں نے پوری زندگی نظم وضبط سے گزاری ہے، میں کل بھی عمران خان کے ساتھ تھا، آج بھی ان کے ساتھ ہوں، کبھی بھی پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی پارٹی کی لیڈرشپ کے خلاف بھی بات نہیں کی، اسد قیصر اور عمر ایوب میرے سینئرز ہیں، ان کا دل سے احترام کرتا ہوں۔ مجھ سے منسوب کر کے کچھ بیان چلائے جا رہے ہیں کہ میں نے یا میرے خاندان کے کسی فرد نے ان کیخلاف کوئی بات کی ہے لیکن یہ خبر بالکل بے بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں تحریک انصاف میں عمران خان کا سپاہی ہوں، علی امین گنڈاپور کے شانہ بشانہ کھڑا ہوں، سپیکر صوبائی اسمبلی اور 2 دفعہ وزیر رہتے ہوئے اپنے حلقے کے لوگوں کی بھرپور خدمت کی جس کا سفر آئندہ بھی جاری رہے گا۔ میں بطور ممبر صوبائی اسمبلی بھی اپنی صوبائی حکومت کی معاونت اور عوام کی خدمت میں کیلئے بھرپور کردار ادا کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی سے اختلاف کی خبریں مجھ سے منسوب کرنے والے لوگوں کو چاہیے کہ وہ اس عمل سے باز آ جائیں، میں روز تردید نہیں کر سکتا۔

مجھے لگتا ہے کہ کوئی ایسا لابی ہے جو ایسی خبریں لگا کر مجھے پارٹی کی نگاہوں میں گرانا چاہتی ہے لیکن وہ ناکام رہیں گے۔ میں کل بھی پی ٹی آئی کا تھا، آج بھی ہوں اور آئندہ بھی رہوں گا۔

https://twitter.com/x/status/1765735400172065029
واضح رہے کہ جنگ / جیو گروپ نے خبر شائع کی تھی کہ سابق سپیکر مشتاق غنی سپیکرشپ کے بعد وزارت سے بھی محروم ہو گئے ہیں، پارٹی پر مشکل وقت میں ملک چھوڑ کر باہر چلے گئے جس پر انہیں 15 رکنی کابینہ میں شامل نہیں کیا گیا۔ پارٹی رہنمائوں اسد عمر اور عمر ایوب نے مشتاق غنی کو وزیر نہیں بننے دیا، دہشت گردی کے مقدمے میں وہ اس وقت ضمانت پر ہیں۔