گلگت بلتستان کی عوام سے بھی صحت کارڈ کی سہولت چھین لی گئی

gigl1i1h11.jpg

گلگت بلتستان میں صحت کارڈ کی سہولت ختم ہونے سے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان میں وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث صحت کارڈ کی سہولت معطل کردی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صحت کارڈ کی سہولت معطل ہونے کی وجہ سے اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن نے مزید مریضوں کے کیسز لینے سے انکار کردیا ہے۔

اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے ڈپٹی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر منظور نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں مجموعی طور پر 67ہزار مریض اب تک صحت کارڈ کی سہولت سے مستفید ہوچکے ہیں، ان مریضوں کے علاج پر 80 کروڑ روپے کے اخراجات آئے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی پر صحت کارڈ کی سہولت معطل ہوگئی ہے جس سے علاقے کے مریضوں کو علاج کیلئے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پنجاب میں صحت کارڈ کی سہولت تقریبا عوام سے چھین لی گئی ہے اور کڑی شرائط پر ہی عوام اپنا علاج کراسکیں گے جبکہ خیبرپختونخوا میں بھی صحت کارڈ کی سہولت اسقدر محدود کردی گئی ہے کہ عام آدمی علاج کرانے سے قاصر ہے۔