گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا سٹرکچر تیار، نئی تصاویر جاری کر دی گئیں

gawadar-airport-new-pics-oo.jpg


گوادر ایئرپورٹ کے مرکزی ٹرمینل تعمیر، ایئرپورٹ کے اندرونی حصے، چھت کی تعمیر کے ساتھ الیکٹرومکینیکل آلات نصب کیے جا رہے ہیں: سرکاری اعلامیہ
گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چائنا کے تعاون سے تعمیراتی کام تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے، گوادر ایئرپورٹ کا سٹرکچر مکمل کرنے کے بعد نئی تصاویر کے ساتھ سرکاری اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق گوادر ایئرپورٹ کے مرکزی ٹرمینل تعمیر، ایئرپورٹ کے اندرونی حصے، چھت کی تعمیر کے ساتھ الیکٹرومکینیکل آلات نصب کیے جا رہے ہیں جبکہ ایئرپورٹ کا سٹرکچر 4 ہزار 600 ٹن سٹیل سے مکمل کیا گیا ہے۔آئندہ 2 ماہ تک مکران ڈویژن کو نیشنل گرڈ سے منسلک کر دیں گے۔


چائنا کے 230 ملین ڈالرز کے مالی تعاون سے تیار کیے جانےو الے اس نئے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اے ٹی آر 72، ایئربس 300 اے، بوئنگ 737 بی اور بوئنگ 747 بی طیارے عالمی اور مقامی روٹس پر پروازیں کریں گے جبکہ دنیا کے سب سے بڑے مسافر بردار طیارے اے 380 کو بھی پرواز اور لینڈنگ کی سہولت دی گئی ہے۔ گوادر ایئرپورٹ پاکستان کا دوسرا گرین فیلڈ ایئرپورٹ ہے، اس سے پہلے پاکستان کا پہلا گرین فیلڈ ایئرپورٹ اسلام آباد کا بین الاقوامی ہوائی اڈا تھا۔

گوادر ایئرپورٹ چائنا کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے۔ یاد رہے کہ گوادر ایئرپورٹ منصوبے کا آغاز سوِل ایوی ایشن کو احکامات دیتے ہوئے سابق وزیر اعظم شوکت عزیز نے 19 اگست 2005 ءکو کیا تھا اور 7 نومبر 2006ء کو وفاقی حکومت کی طرف سے ہوائی اڈے کی تعمیر کا ٹھیکہ چائنا کی کمپنی چائنا ہاربر انجینئرنگ کو دیا گیا تھا اور ڈیزائن ونگرانی کیلئے سول ایوی ایشن کو ذمہ داریاں دی گئی تھیں جبکہ منصوبے کا باقاعدہ سنگ بنیاد سابق وزیراعظم عمران خان کے دوراقتدار میں رکھا گیا تھا۔ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ تکمیل کے بعد پاکستان کے بڑے ہوائی اڈوں میں سے ایک ہو گا۔