پاکستان سے آٹاپ چاول کی آخری کھیپ بنگلا دیش پہنچ گئی
اسلام آباد: پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان تاریخی تجارتی معاہدے کے تحت آٹاپ چاول کی آخری کھیپ بنگلا دیش کو فراہم کر دی گئی۔ یہ چاول حکومت سے حکومت (جی ٹو جی) معاہدے کے تحت خریدے گئے تھے، جو دونوں ممالک کے درمیان اس نوعیت کی پہلی سرکاری خریداری ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، بنگلا دیش نے اس معاہدے کے تحت پاکستان سے 26,250 ٹن آٹاپ چاول وصول کر لیے ہیں۔ چاول کی یہ آخری کھیپ جمعہ کے روز بنگلا دیش پہنچی، جس کے بعد معاہدے کی تکمیل ہو گئی۔
یہ پیش رفت اس لحاظ سے تاریخی ہے کہ 1971 میں بنگلا دیش کے قیام کے بعد پہلی بار دونوں ممالک کے درمیان سرکاری سطح پر چاول کی خریداری کا معاہدہ ہوا ہے۔ معاہدے کے مطابق، چاول کی قیمت 499 امریکی ڈالر فی ٹن مقرر کی گئی تھی۔
یہ معاہدہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان تجارتی تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوسکتا ہے، جو مستقبل میں زرعی مصنوعات کی برآمدات کے مزید مواقع پیدا کر سکتا ہے۔