
متعلقہ اداروں کی طرف سے اشتہاری ملزموں کی جائیداداوں کی تفصیلات فراہم کر دی گئی ہیں: ذرائع
پولیس نے سانحہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات میں ملوث اشتہاری ملزموں کی جائیدادوں کی تفصیلات حاصل کر لی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پولیس کو سانحہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات میں ملوث ملزموں کی جائیداد تفصیلات مل چکی ہیں اور عدالت کی طرف سے احکامات ملنے پر تمام ملزموں کی جائیدادوں کو مہربند کر دیا جائے گا۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) اشتہاری ملزموں کی جائیدادوں کو مہربند کرنے کے لیے عدالت سے اجازت حاصل کرے گی۔
مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) حکام کا کہنا ہے کہ مختلف اداروں سے سانحہ 9 مئی کے کیس میں اشتہاری ملزموں کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے ان کی جائیدادوں کی تفصیل طلب کی تھی۔ جے آئی ٹی کی طرف سے تفصیلات طلب کرنے پر ایف بی آر، ایل ڈی اے کے علاوہ متعلقہ اداروں کی طرف سے اشتہاری ملزموں کی جائیداداوں کی تفصیلات فراہم کر دی گئی ہیں۔
مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو جن 22اشتہاری ملزموں کی جائیدادوں کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں ان میں علی امین گنڈاپور، امتیاز شیخ، مراد سعید، زبیر نیازی، حماد اظہر، میاں اسلم اقبال ودیگر شامل ہیں۔ حکام کا کہنا تھا کہ ان اشتہاری ملزموں کی جائیدادوں کو عدالت سے احکامات ملنے کے بعد مہربند کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ چند دن پہلے ہی انسداد دہشت گردی عدالت کی طرف سے 9 مئی (یوم سانحہ) کے 3 مقدمات میں 44 ملزموں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جا چکے ہیں۔ ریس کورس میں سی سی ٹی وی کیمرے توڑنے کے کیس میں 9، مغل پورہ میں گاڑیاں توڑنے کے کیس میں 19، گلبرگ میں پولیس کی گاڑی جلانے کے کیس میں 16 ملزموں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔
علاوہ ازیں لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کی طرف سے پی ٹی آئی کارکن خدیجہ شاہ کو مقدمہ کی سماعت کے بعد جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا ہے۔ سی سی پی او کا کہنا تھا کہ ساری کارروائی قانون کے مطابق ہوئی ہے جبکہ وکیل خدیجہ شاہ نے کہا کہ پولیس رپورٹ کے مطابق ان پر دو مقدمات ہیں لیکن کسی نئے کیس میں گرفتاری کرنا غیرقانونی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/8jaidgfgfgddxhhjj.png