شانزے خان ڈيجيٹل آؤٹ ريچ ٹيم يو ايس اسٹيٹ ڈيپارٹمينٹ
نو گيارہ بل کے حوالے سے امريکی اور سعودی حکومتوں کے مابين جو حاليہ معاملہ کچھ اختلافات کا باعث بنا ہے، وہ ايک قانونی معاملہ ہے جو دونوں ممالک کے درميان ان سفارتی روابط کا آئينہ دار نہيں ہے جو کئ دہائيوں پر محيط ہيں۔
جہاں تک امريکی حکومت کا تعلق ہے تو ہم اس معاملے کو کوئ سياسی مسلۂ نہيں سمجھتے جس کے حل کے ليے جذباتيت سے بھرپور نعرے بازی کا سہارا ليا جاۓ۔ بلکہ ہم ايشو کو خود مختار استثنی سے متعلق اصولوں کی پاسداری کے تناظر ميں ديکھتے ہيں۔
خود مختار استثنی جس کے ليے "کراؤن اميونٹی" کی اصطلاح بھی استعمال ہوتی ہے، ايک قانونی نظريہ ہے جس کے تحت خود مختار رياست قانون شکنی کی مرتکب نہيں ہو سکتی چنانچہ اسے سول يا فوجداری استغاثہ سے مستثنی قرار ديا جاتا ہے۔
اس قانون کے حوالے سے امريکی حکومت کا موقف اور ہمارے خدشات کسی ايک مخصوص ملک کے ساتھ ہمارے تعلقات سے متعلق نہيں ہيں۔ درحقيقت ہمارا خدشہ ايک اہم عالمی قانون کے اصول سے متعلق ہے۔ خود مختار استثنی کا پورا نظريہ اور اس کی بنياد سے متعلق سوچ داؤ پر لگی ہوئ ہے اور جس کے انتہائ نتائج کی زد ميں کسی اور ملک سے زيادہ خود امريکہ آۓ گا۔
اگر ديگر ممالک بھی اسی طرح کی قانون سازی کريں گے تو ممکنہ طور پر اس کی زد ميں امريکہ، ہمارے ٹيکس دہندگان، فوجی اور سفارت کار بھی آئيں گے۔
ہم بدستور اس بات پر يقين رکھتے ہيں کہ سعودی عرب کے حوالے سے ہمارے جو خدشات ہيں انھيں سفارت کاری کے ذريعے حل کيا جا سکتا ہے۔ ہم سعودی عرب کو انسداد دہشت گردی کے ضمن ميں جاری کاوشوں ميں امريکہ کا اہم اتحادی اور شراکت دار سمجھتے ہيں۔
يہ کوئ ضروری نہيں ہے کہ طويل المدت بنيادوں پر استوار اسٹريجک تعلقات دونوں فريقين کو پابند کريں کہ وہ ہر معاملے پر کلی طور پر متفق ہوں۔ تاہم ہم تمام فريقین پر زور ديتے رہيں گے کہ اختلافات سفارت کاری سے دور کيے جا سکتے ہيں اور اس کے ليے وہ طريقہ اختيار نہيں کيا جانا چاہيے جس سے پوری دنيا ميں بے شمار ممالک ميں خود امريکہ کے ليے ممکنہ طور پر نت نۓ محاذ کھل جائيں۔
قومی سلامتی کے معاملات، دو طرفہ تجارت اور خطے کے حوالے سے پاليسياں ممالک کے مابين طويل المدت تعلقات اور باہمی مفادات کی بنياد پر طے کيے جاتے ہيں۔ امريکہ اور سعودی عرب جيسے ممالک جن کے مابين تعلقات پانچ دہائيوں سے قائم ہيں، ايک ايسے قانونی معاملے کی وجہ سے برسوں پر محيط سفارتی کاوشوں کو ضائع نہيں کرتے جو طويل المدت بنيادوں پر قائم تعلقات کے ضمن ميں کوئ انہونی يا غير معمولی امر نہيں ہے۔
شانزے خان ڈيجيٹل آؤٹ ريچ ٹيم يو ايس اسٹيٹ ڈيپارٹمينٹ
[email protected]
www.state.gov
https://twitter.com/USDOSDOT_Urdu
http://www.facebook.com/USDOTUrdu
