پیسے کمانے کیلئے ٹیکسی تک چلائی ہے:روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا انکشاف

putin-taxi.jpg


غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی صدر نے سقوطِ سویت یونین کو ایک دلخراش سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سویت یونین کے ٹکڑے ٹکڑے ہونے پر روسی شہری غمگین تھے۔

صدر پیوٹن نے جذباتی انداز میں کہا کہ سویت یونین کا ٹوٹ کر چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں تقسیم ہونا دراصل تاریخی روس کا شیرازہ بکھرنے کے مترادف تھا جو اس وقت سویت یونین کے نام سے جانا جاتا تھا۔

ولادیمیر پیوٹن نے مزید کہا کہ سویت یونین کے ٹکڑے ہونے کے بعد معیشت زمین بوس ہوگئی اور غربت نے ڈیرے ڈال لیے تھے۔ 1990 کی دہائی میں نے کچھ اضافی پیسے کمانے کیلئے خود ٹیکسی چلا کر گزارا کیا تھا۔ ہم نے بڑی مشکل سے خود سنبھالا ہے۔


پیوٹن نے مزید کہا کہ بعض اوقات مجھے اضافی رقم کمانا پڑتی تھی۔ میرا مطلب ہے ایک پرائیویٹ ڈرائیور کے طور پر گاڑی کے ذریعے اضافی پیسے کمائے۔ ایماندار ہونے کے بارے میں بات کرنا ناخوشگوار ہے لیکن بدقسمتی سے ایسا ہی ہوا۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ان خیالات کا اظہار فلم سازوں سے گفتگو میں کیا جو روس کی تاریخ پر مبنی فلم کو روسی زبان میں ڈب کر رہے ہیں جس کا مقصد نئی نسل کو روس کی تاریخ سے آگاہ کرنا ہے۔

ایک موقعے پر انہوں نے سوویت یونین کے خاتمے کو "20 ویں صدی کی سب سے بڑی جغرافیائی سیاسی تباہی" بھی قرار دیا۔ پیوٹن سابق سوویت ممالک میں مغربی فوجی عزائم کی توسیع کے بارے میں کافی حساس ہیں۔

روس نے اسی ہفتے نیٹو سے جارجیا اور یوکرین کے لیے اپنے دروازے کھولنے کے 2008 کے فیصلے کو باضابطہ طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ یاد رہے کہ روسی سوشلسٹ ریاستوں پر مشتمل اتحاد "سویت یونین" کا قیام 1922 میں عمل میں آیا تھا اور 1991 تک برقرار رہا تھا۔