اقلیتی بیوہ خاتون کو سٹیزن پورٹل کے ذریعے پنشن مل گئی

pm-imran-khan.jpg


گُڈی بی بی نامی اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی بیوہ خاتون راولپنڈی کی فاطمہ جناح یونیورسٹی برائے خواتین سے 2020 میں خاکروب کی پوزیشن سے ریٹائر ہوئیں۔ ڈیڑھ سال سے انہیں پنشن کیلئے چکر لگوائے جا رہے تھے۔

گُڈی بی بی اب بیمار تھیں تو مجبور ہو کر انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ سے اپنی پنشن کا مطالبہ کیا جس پر جامعہ کی انتظامیہ نے ان کی بھرتی کے طریقہ کار پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ ان کی بھرتی قوانین کے خلاف کی گئی ہے اس لیے انہیں پنشن نہیں مل سکتی۔

متاثرہ خاتون نے پاکستان سٹیزن پورٹل پر وزیراعظم سے اپیل کی کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے تو پی ایم آفس نے نوٹس لیتے ہوئے بیوہ خاتون کی پنشن کو التوا میں ڈالنے پر چیف سیکرٹری پنجاب کو یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف فوری ایکشن لینے کی ہدایات جاری کردیں۔


وزیر اعظم کے حکم پر 24 گھنٹے کے اندر اقلیتی بیوہ خاتون کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی گئی اور اس کی پنشن جاری ہو گئی۔ 8 دسمبر کو کی جانے والی شکایت کے اگلے ہی دن ایک لاکھ 79 ہزار روپے کا چیک بیوہ خاتون کو جاری کر دیا گیا۔

گڈی بی بی نے اپنے مسئلے کے تیز ترین حل کے بعد وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت پاکستان کی جانب سے سٹیزن پورٹل کا پلیٹ فارم موجود نہ ہوتا تو انہیں انصاف ملنے میں شاید مزید تاخیر ہو سکتی تھی۔