امریکی سفیر سے ملاقات میں کے پی حکومت نے رجیم چینج پر بھی بات کی

shahhah1h1h11.jpg


کے پی حکومت کو امریکی سفیر ودیگر حکام سے ساتھ ملاقات اور گاڑیاں لینے کے معاملے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تو صوبائی حکومت کا یہ بھی مؤقف سامنے آیا کہ اس ملاقات میں صوبائی حکومت کی جانب سے مرکز میں رجیم چینج کے معاملے پر بھی گفتگو کی گئی ہے۔

نجی خبررساں ادارے جنگ کے نمائندے ارشد عزیز ملک کا دعویٰ ہے کہ امریکی سفیر سے ون آن ون ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ محمود خان نے عمران خان کی سابقہ حکومت کے خلاف امریکی سازش پرباضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا۔

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے امریکی سفیر کے دورے اور وزیراعلیٰ سے ملاقات میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کے پی حکومت سے سفیر کے دورے کے انتظامات کے لیے رابطہ کیا تھا۔ تاہم امریکی سفارتخانے کے ترجمان نے وزیر اعلیٰ اور سفیر ڈونلڈ بلوم کے درمیان ہونے والی گفتگو کی تفصیلات بتانے سے معذرت کرلی۔

ترجمان امریکی سفارتخانے نے کہا سفارت خانہ بدقسمتی سے نجی سفارتی ملاقاتوں پر تبصرہ کرنے سے قاصر ہے۔ یہاں تک کہ آف دی ریکارڈ بھی میرے پاس کچھ نہیں ہے جو میں آپ کو بتا سکوں۔ تاہم صحافی کا دعویٰ ہے کہ وزیراعلیٰ محمودخان کی امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے 10 منٹ تک ون آن ون ملاقات ہوئی وزیراعلیٰ نے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کو بھی ملاقات میں موجود رہنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ محمودخان نے عمران خان حکومت کے خلاف امریکی مداخلت کے معاملے سمیت تین نکات اٹھائے جس پر باقاعدہ احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ محمود خان نے امریکی سفیر کو بتایا کہ تحریک انصاف امریکی حکومت کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات رکھنا چاہتی ہے لیکن پاکستان کے معاملات میں مداخلت نہیں ہونی چاہیے۔

امریکی سفارت خانے نے تحریک انصاف کے منحرف اراکین سے ملاقاتیں کیں جو انتہائی غیرمناسب عمل تھا۔ انھوں نے مزید کہا کہ صوبے میں عوامی فلاح کے منصوبوں میں امریکی تعاون پر امریکی حکومت کے مشکور ہیں۔

صوبائی وزیرخزانہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 10 منٹ علیحدگی میں ملاقات ہوئی جس میں امریکی مداخلت اور دیگر معاملات کو سفارتی طور پر اٹھایا گیا تاہم انہوں نے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

امریکی سفیر کے ردعمل پر تبصرہ کرنے سے بھی انکار کردیا۔ انھوں نے کہا کہ امریکی سفیر نے صوبے کا دورہ کرنے اور وزیراعلیٰ سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی۔ پارٹی چیئرمین کی اجازت سے دورے کو حتمی شکل دی گئی۔ جانتے تھے کہ امریکی سفیر کے دورے سے تنازع جنم لے گا لیکن فیصلہ کیا گیا کہ ملاقاتوں کا بندوبست کیا جائے۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ امریکی سفیر کو امریکا کے ساتھ تعلقات کے بارے میں عمران خان کے موقف سے وزیراعلیٰ نے واضح طور پر آگاہ کیا۔ عمران خان نے گزشتہ چند ماہ کے دوران جلسوں اور انتخابی مہم کے دوران متعدد باریہ واضح کیا ہے کہ ہم کسی ملک کے خلاف نہیں ہیں بلکہ ہمیں آزادانہ طور پر اپنے فیصلے خود کرنے چاہئیں۔

صوبائی وزیر نے یہ بھی بتایا کہ دوسرا اجلاس یو ایس ایڈ کی جانب سے صوبے میں صحت کے حوالے سے منصوبوں سے متعلق تھا جس کی ہم قدر کرتے ہیں۔ صحت سے متعلق اجلاسوں کا پورا موضوع یہ تھا کہ اب ہم ایک ایسے مرحلے پر ہیں جہاں ہم امدادی اداروں کی حمایت کو اہمیت دیتے ہیں۔
 
Sponsored Link