عمران خان کی وجہ سے یہ سب چور ایک ہوگئے ہیں : فواد چوہدری

fawad-ch-khan.jpg


وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری نے کہا کہ سات مرتبہ یہ عمران خان کو گرانے آئے لیکن اللہ عمران خان کا محافظ ہے یہ بال بیکا نہیں کر سکتے۔ عمران خان ہی کی وجہ سے یہ سب چور ایک ہو گئے ہیں۔

فواد چوہدری نے پنڈ دادن خان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کی قیادت کو نشانے پر رکھا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ معیشت جن کی وجہ سے خراب ہوئی اب وہ کہہ رہے ہیں مہنگائی ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ ملازم کے اکاؤنٹ سے 4 ارب روپے نکل آئے، جب تک لوٹا ہوا پیسہ واپس نہیں آئے گا معاف نہیں کیا جائے گا۔ عمران خان کی وجہ سے یہ سب چور ایک ہوگئے ہیں، شہباز شریف کبھی فضل الرحمان اور کبھی کسی سے مل رہے ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز اور بلاول کا خیال ہے کہ مولانا صاحب کے بچے آئیں گے، سات مرتبہ یہ عمران خان کو گرانے آئےلیکن اللہ عمران خان کا محافظ ہے یہ بال بیکا نہیں کرسکتے۔ بلاول صاحب اپنی طاقت پر سیاست کریں اور پہلے الیکشن لڑنا سیکھیں، وہ آصف زرداری کی نہیں بے نظیر بھٹو کی سیاست کریں، اپنے نانا سے سیکھیں، سیاست وہ ہوتی ہے جو اپنے قد سے کی جاتی ہے۔

فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ عمران خان بات کرتا ہے تو چین کا صدر بات غور سے سنتا ہے، 23 سال بعد آج کوئی وزیراعظم روس جا رہا ہے، آج پاکستان کے وزیراعظم کی آواز کو مسلم امہ کی آواز سمجھا اور کہا جاتا ہے یہ وزیراعظم کے قد کو نہیں پہنچ سکتے۔