کورونا وبا تھمنے لگی؟رواں سال کی پاکستان میں سب سے کم اموات

corona.jpg


این سی او سی کے مطابق پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس میں کمی آرہی ہے اور گزشتہ روز رواں سال کے دوران ایک دن میں سب سے کم ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا کی تشخیص کے لیے 42 ہزار 96 ٹیسٹ کئے گئے، جس کے نتیجے میں ملک بھر سے محض 572 افراد میں وبا کی تشخیص ہوئی۔

گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 1.35 فیصد رہی۔ جب کہ اب تک 12 لاکھ 69 ہزار 806 افراد میں کورونا کی تشخیص ہو چکی ہے ، جن میں سے 12 لاکھ 17 ہزار218 اس وائرس سے چھٹکارہ پا کر صحتیاب ہو چکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا سے مزید 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں ، جس کے بعد اب مجموعی طور پر وائرس سے جاں بحق افراد کی مصدقہ تعداد 28 ہزار 392 ہوگئی ہے۔


یاد رہے رواں سال ایک دن میں اس وبا سے جاں بحق ہونے والوں کی یہ سب سے کم تعداد ہے۔ اس وقت بھی کورونا کے مصدقہ فعال مریضوں کی تعداد 24 ہزار 196 ہے جن میں سے ایک ہزار 28 کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسری جانب امریکہ نے مکمل ویکسین شدہ تمام مسافروں کے لیے کورونا وائرس کے باعث عائد سفری پابندیوں کو ختم کردیا ہے۔

جس کے بعد اب امریکی شہریوں کے علاوہ غیر امریکی بھی اب امریکا کا سفر کرسکیں گے۔ غیرملکی اور غیر ویکسی نیشن شدہ افراد بعض صورتوں میں امریکا داخل نہیں ہوسکیں گے، ویکسین شدہ افراد کو 3 دن پہلے اور غیرویکسین شدہ کو ایک دن پہلے کوویڈ ٹیسٹ لازمی کروانا ہوگا۔