کورونا کی نئی لہر، چین کے بڑے شہر میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ

3xiznlockdoen.jpg

چین کے شمالی شہر شیان کے باشندوں کو حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی نئی لہر کے خطرے کے پیش نظر گھروں میں رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

العربیہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی تازہ ترین لہر کے باعث چین کے شہر شیان میں سخت لاک ڈاؤن نافذ کردیاگیا ہے اور سفری پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

ایسے وقت میں جب چین آئندہ برس فروری میں اولمپکس مقابلوں کی میزبانی کرنے جارہا ہے چین کو چند شہروں میں کورونا وائرس کی تازہ ترین لہر کا بھی سامنا ہے جس سے مقابلے کیلئے حکومت کی جانب سے متعدد سخت فیصلے سامنے آرہے ہیں۔


رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شمالی شہر شیان میں کورونا کے 52 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد 9 دسمبر سے سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 143 تک پہنچ چکی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ بیا ن میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کی رات 12 بجے سے شہر میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کیا جارہا ہے جس میں شہریوں کو گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ہرگھر سے ایک فرد 2 دن میں ایک بار باہر نکل کر ضروریات زندگی کی خریداری کرسکتا ہے، جس کے علاوہ تمام سرگرمیاں معطل کردی جائیں گی ، تاہم ایمرجنسی کی صورتحال میں شہری مدد کیلئے باہر نکل سکتے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شہری بلا ضرورت شہر سے باہر نکلنے سے گریز کریں، جو کسی بھی وجہ سے شہر سے باہر نکلنا چاہتے ہیں انہیں خصوصی حالات کے حوالے سے انتظامیہ کو ثبوت فراہم کرنا ہوں گے اور باقاعدہ شہر سے باہر جانے کیلئے اجازت طلب کرنا ہوگی۔