ٹیکس چوری پر ایف بی آر کا سخت ایکشن ہو گا،بجلی،گیس اور سم بھی بند ہو گی؟

fbr.jpg


ملک بھر میں ٹیکس چور ہوجائیں ہوشیار۔۔ ٹیکس چوری پر سخت ایکشن لیا جائے گا، ایف بی آر نے پہلے ہی خبردار کردیا، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کہا کہ ٹیکس چوری ثابت ہونے کی صورت میں نہ موبائل سم بند کی جائے گی بلکہ صارفین کے بجلی اور گیس کے کنکشن بھی منقطع کردیئے جائیں گے۔

اس حوالے سے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں بریفنگ کے دوران چیئر مین ایف بی آر کے ریمارکس پر اپوزیشن اراکین کمیٹی نے احتجاج کیا،جس پرچیئرمین نے کہا کہ ہمارے اچھے کاموں اور محصولات میں اضافے کی تحسین ہونی چاہیے۔

کمیٹی کی رکن عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ اس وقت جو ہو رہا ہے وہ سب اچھا نہیں ہورہا ہے۔ جس پر چیئر مین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ میرا کام پالیسی بنانا نہیں پالیسی پر عملدرآمد کرانا ہے،عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ درآمدات بڑھنے سے کسٹم ڈیوٹی 47 فیصد بڑھی ہے، درآمدات بڑھنے سےٹیکس آمدن بڑھنا خوش آئند نہیں بلکہ تشویشناک ہے۔

جس پر ڈاکٹر اشفاق نے کہا کہ ڈیزل پر ٹیکس کی شرح کم ہے جس سے ٹیکس آمدن کم ہوگی، پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس کم ہونے سے 150ارب کی آمدن کم ہو جائے گی۔ صدارتی آرڈیننس سے ٹیکس آمدن بڑھائیں گے، ٹیکس آمدن چھپانے والوں کو نوٹس دیں گے،چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق احمد نے بتایا کہ رواں مالی سال2021-22 کے پہلے 2 ماہ میں 850 ارب روپے کے محصولات جمع کیے گئے جبکہ مالی سال 2020-21 میں 4734 ارب روپے کے محصولات اکھٹے کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع سے انکار کردیا،ترجمان ایف بی آر کے مطابق سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ 30ستمبر ہی ہے، اس لئے ٹیکس گزار اس سے قبل سالانہ ٹیکس گوشوارے جمع کرائیں۔