کمسن بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرکے خودکشی کا رنگ دینے والا چچا گرفتار

jaracguauaag.jpg

کمسن بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والا چچا گرفتار کر لیا گیا۔۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں 12 سالہ کمسن بچی سے زیادتی کی تصدیق ہونے پر ملزم کو گرفتار کیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے دارالحکومت کراچی لائنز ایریا کے علاقے جیکب لائن سے گزشتہ روز 12سالہ کمسن بچی کی لاش برآمد ہوئی تھی جس کے قتل میں ملوث ملزم مجیب اللہ عرف ندیم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔


پولیس کے مطابق کمسن بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والا سفاک ملزم بچی کا چچا تھا جو بچی کی لاش کے ہسپتال منتقل ہونے کے بعد فرار ہو گیا تھا، ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ بچی کے جسم پر تشدد کے نشانات موجود ہیں جبکہ موت دم گھٹنے سے ہوئی تھی۔

تفتیشی حکام کے مطابق ابتدائی طور پر پولیس کی کمسن بچی کی خودکشی کرنے کی اطلاع ملی تھی لیکن پوسٹ مارٹم رپورٹ میں 12 سالہ کمسن بچی سے زیادتی کی تصدیق ہونے پر ملزم مجیب اللہ عرف ندیم کو گرفتار کیا گیا ہے۔

مقتول کمسن بچی کا والد یاسین ایک پارک میں چوکیداری کرتا ہے اور تین بچوں کا باپ ہے، بچی کی بڑی اور چھوٹی بہن واقعہ کے وقت سکول میں موجود تھیں۔


بریگیڈ تھانے میں درج ایف آئی آر کے متن کے مطابق بچی کے والد یاسین نے پولیس کو بتایا کہ میرے بھائی مجیب اللہ عرف ندیمنے مجھے بیٹی کی خودکشی کی اطلاع دی تھی جب بیٹی کو ہسپتال لے کر گیا تو پتا چلا کہ اس کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔

اس کا کہنا تھا کہ میرا چھوٹا بھائی نشے کا عادی ہے اور میرے بھائی نے زیادتی کے بعد قتل کر کے خودکشی کا ڈراما رچایا تھا جبکہ وہ واقعہ کے بعد گھر سے فرار ہو گیا تھا۔

پولیس نے ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران مفرور ملزم مجیب اللہ کو گرفتار کیا جس سے دلخراش واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔