
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف وسابق وزیراعظم عمران خان ودیگر ساتھیوں کے خلاف تھانہ کوہسار اسلام آباد میں مقدمے کے اندراج کے لئے درخواست دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کی سابق صوبائی وزیر خزانہ پنجاب محسن لغاری اور وزیر خزانہ کے پی کے تیمور جھگڑا کے ساتھ گفتگو کی آڈیو لیک والے معاملے پر بانی وچیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ کی طرف سے درخواست دی گئی ہے۔
مقدمے کے اندراج کے لئے دی گئی درخواست کے متن میں درج کیا گیا ہے کہ سینئر صحافی وتجزیہ نگار حامد میر کے ٹویٹر سے جاری کی گئی ویڈیو دیکھی جن میں سابق وزیر خزانہ شوکت ترین پہلے محسن لغاری اور بعد میں تیمور جھگڑا کو پاکستان کو دیئے جانے والے آئی ایم ایف پیکیج میں رکاوٹ بننے پر اکسا رہے ہیں جبکہ شوکت ترین واضح طور پر کہہ رہے ہیں کہ حکومت وفاقی حکومت پر دبائو ڈالا جائے۔
درخواست میں میں لکھا گیا ہے کہ شوکت ترین نے یہ کام چیئرمین پاکستان تحریک انصاف وسابق وزیراعظم عمران خان کی مشاورت سے کیا ہے جبکہ شوکت ترین اس بات کا اعتراف سینئر صحافی جاوید چودھری کے نجی ٹی وی چینل ایکپریس نیوز پر پروگرام کل تک میں بھی کر چکے ہیںکہ یہ بیانیہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں پوری پارٹی کا ہے، پی ٹی آئی پاکستان کی بقاء اور سالمیت کو متاثر کر رہی ہے اور سوچی سمجھی سازش سے بغاوت کر رہی ہے۔
ملک پچھلے کئی سالوں سے شدید معاشی بحران کا شکار ہے اور عمران خان بھی اس بات کا عندیہ دے چکے کہ پاکستان سری لنکا کی طرح دیوالیہ ہونے کی طرف گامزن ہے۔ عمران خان، شوکت ترین، محسن لغاری اور تیمور جھگڑا منصوبے کے تحت پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ دشمن ممالک اور بیرونی طاقتوں کے آلہ کار بنتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
ملزمان کے اقدامات بغاوت و سنگین غداری کے زمرے میں آتے ہیں جو ملکی سالمیت کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور ملک توڑنے کے درپے ہیں۔ ملزمان کی ویڈیو متعدد صحافی جیسے کہ انصار عباسی، نجم سیٹھی، وسیم عباسی، کامران خان، سلیم صافی، اسد علی طور، طلعت حسین وغیرہ نے بھی شیئر کی ہے۔ ان کے خلاف مناسب قانونی کارروائی کی جائے۔
https://twitter.com/x/status/1564152452118716416
یاد رہے کہ گزشتہ روز سینئر صحافی وتجزیہ نگار حامد میر نے ٹویٹر پر شوکت ترین اور محسن لغاری کے درمیان گفتگو کی آڈیو لیک کی تھی جس میں وہ پاکستان کو دیئے جانے والے آئی ایم ایف پیکیج میں رکاوٹ بننے پر اکسا رہے تھے، انہوں نے آڈیو ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ: شوکت ترین صاحب آپ سے یہ امید نہ تھی پنجاب کے وزیر خزانہ محسن لغاری نے آپ کو معاملے کی سنگینی کا احساس دلایا اور پوچھا کہ کیا آئی ایم ایف کو خط لکھنے سے ریاست پاکستان کو نقصان تو نہیں ہو گا؟ آپ نے محسن لغاری کو کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا آخر کیوں؟
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/8khanaikaurmiqamaappli.jpg