وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے وزیراعظم شہباز شریف اور مریم نواز شریف کی مبینہ آڈیو لیک میں اپنے ذکر پر ردعمل دیتے اسے افسوسناک قرار دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چوہدری پرویز الہیٰ نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مبینہ آڈیو لیک کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں نے اس خاندان کی بہت خدمت کی ہے، یہ آڈیو سن کر مجھے بہت افسوس ہوا، مجھے ان کی اصلیت پتا چل گئی تھی اسی لیے میں عمران خان کے ساتھ چل پڑا، جو باتیں میرے خلاف انہوں نے آڈیو میں کیں ہیں میں ان کا ذکر کرنا بھی مناسب نہیں سمجھتا۔
پرویز الہیٰ نے مزید کہا کہ اس واقعہ پر جتنا بھی افسوس کیا جائے وہ کم ہے، ہم ان کی اصلیت سے واقف تھے تاہم اب ان کے اردگرد موجود لوگ بھی جان گئے ہیں یہ کیسےلوگ ہیں اور ان کی سوچ کیا ہے، شہباز شریف بیرون ملک جاکر کہتا ہے کہ میں نے بالکل پیسے نہیں مانگنے تھے، مگر میری مجبوری ہےکچھ دیدی جائے، میں تو کہتا ہوں کہ جلدی کریں اس نے بعد میں پاکستان آنے کا ٹکٹ بھی مانگنا شروع کردینا ہے ۔
واضح رہے کہ چوہدری برادران کے درمیان اختلافات پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور وزیراعظم شہباز شریف کی گفتگو کی ایک مبینہ آڈیو منظر عام پر آئی ہے، جس میں مریم نواز مبینہ آڈیو لیک میں کہتی ہیں کہ مجھے عطا تارڑ وغیرہ کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنی ہے، آج بجٹ پیش ہو جائے، اس کے بعد انشاءاللہ،شہباز شریف نے کہا یہ پوری بدمعاشی پر اترا ہوا ہے، مریم کہتی ہیں بہت بدمعاشی۔