
سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے دو مختلف اضلاع میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 8 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ 9 کو زخمی کر دیا۔ اس دوران پاک فوج کے کیپٹن سمیت 2 جوان بہادری سے لڑتے ہوئے ملک کی خاطر جام شہادت نوش کر گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق، ضلع بنوں کے علاقے بکاخیل میں ہونے والے آپریشن کے دوران 5 خارجی دہشت گرد ہلاک جبکہ 9 زخمی ہوئے۔ دوسری کارروائی ضلع خیبر میں کی گئی، جہاں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے اور 2 کو گرفتار کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ آپریشن کے دوران پاک فوج کے 2 جوان شدت سے لڑائی کے باعث شہید ہوئے۔ 25 سالہ کیپٹن محمد زوہیب الدین لاہور سے تعلق رکھتے تھے۔ تقریباً اسی وقت، 29 سالہ سپاہی افتخار حسین بھی شہید ہوئے، جو ضلع جھنگ کے رہائشی تھے۔
شہید کیپٹن محمد زوہیب الدین کی نماز جنازہ لاہور میں ادا کی گئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت کئی اہم ملکی شخصیات نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے شہید کیپٹن کی بہادری کو سراہا اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی کے لئے شہدا کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ پاک فوج کے افسران و اہلکار اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر ملک کی حفاظت میں مصروف عمل ہیں۔
وزیراعظم نے کہا، "پاکستانی قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، ہم دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔" ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں کھڑی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://i.postimg.cc/jqmtbSq5/arm.jpg