اسلام آباد:ایک ہی خاندان کے 15 افراد اومیکرون کا شکار

9fainlyomicron.jpg

ملک بھر میں جنوبی افریقی ویرینٹ او می کرون کے وار جاری ہیں، اسلام آباد میں ایک ہی خاندان کے 15 افراد سمیت گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 34 افراد میں اومیکرون کے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ضعیم ضیا نے بتایا کہ اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں اومیکرون کے مزید 34 کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں اومیکرون کے کیسوں کی تعداد 66 ہو گئی،اسلام آباد میں اومیکرون کا پہلا کیس 25 دسمبر کو سامنے آیا تھا اور آج سے قبل شہر میں کیسوں کی تعداد 32 تھی۔


ڈاکٹر ضعیم نے مزید بتایا کہ عالمی وبا کے تناظر میں اسلام آباد میں اومیکرون مزید پھیلے گا لہٰذا شہری افراتفری نہ پھیلائیں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں،شہری ماسک پہنیں اور ویکیسن لگوائیں۔

وزارت صحت اومیکرون کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ایڈوائزری بھی جاری کردی ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ضعیم ضیا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی شخص میں وائرس کی علامات ظاہر ہو تو وہ فوراً قرنطینہ کر لے اور کووڈ19 کی رپورٹ منفی آنے تک قرنطینہ میں رہے۔

ملک میں کورونا کے وار جاری ہیں،گزشتہ روز مثبت کیسز کی شرح ایک اعشاریہ صفر آٹھہ فیصد ریکارڈ کی گئی،چوبیس گھنٹے میں اکاون ہزار ایک سو اکتالیس ٹیسٹ کیے گئے، پانچ سو چھپن نئے کیس رپورٹ ہوئے،مزید چھ مریض جان سے گئے۔