انگلش کرکٹ ٹیم رواں سال کب دورہ پاکستان کرے گی؟

pak-vs-eng-pk-this-year.jpg


پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) اور انگلش بورڈ کے درمیان میچز پر اتفاق ہوگیا ہے ۔ دونوں بورڈز کے درمیان سیریز کے شیڈول پر بات چیت آخری مراحل میں پہنچ گئی ہے.

دونوں بورڈز کی جانب سے سیریز کو کامیاب بنانے کے لیے ورکنگ کمیٹی قائم کردی گئی۔ ورکنگ کمیٹی میں انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان انگلینڈ کرکٹ سیریز پندرہ ستمبر سے دو اکتوبر تک کھیلی جائے گی، انگلینڈ کی ٹیم 7 ٹی 20 میچز کھیلے گی۔

سیریز کے شیڈول میچز لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کروانے پر غورکیا جارہا ہے۔یاد رہے کہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم 17سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی، انگلینڈ کا 2005 کے بعد یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔

انگلینڈ کو گذشتہ سال بھی دو ٹی 20 میچز کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا تھا لیکن نیوزی لینڈ کی جانب سے پاکستان کا دورہ ملتوی کرنے کے بعد انگلینڈ نے بھی پاکستان آنے سے معذرت کرلی تھی۔

نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے اچانک دورہ پاکستان ملتوی کرنے کے بعد چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے پاکستان کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑا اور پرامن پاکستان کا موقف دنیا بھر میں دیا، جس کے بعد نیوزی لینڈ اور انگلینڈ دونوں دوبارہ پاکستان آنے کے لیے رضامند ہوئے۔

ابتدائی طور پر انگلینڈ کے رواں سال دورہ پاکستان میں صرف پانچ ٹی 20 میچز شیڈول تھے لیکن گذشتہ سال ملتوی کیے جانے والے دورے کے ہرجانے کے طور پر اضافی دو ٹی 20 میچز بھی کھیلنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جس کے بعد دونوں ٹیمیں ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے آسٹریلیا روانہ ہو جائیں گی۔