لیجنڈ پاکستانی کرکٹر جاوید میانداد نے افغان کرکٹرز اورشائقین کی جانب سے نامناسب رویےکامظاہرہ کرنے پر سخت جواب دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں جونیئر کرکٹ لیگ(پی جےایل) کی ڈرافٹ کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد نے بھی شرکت کی، تقریب کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے جاویدمیانداد نے گزشتہ روز پاک افغان میچ میں پیش آنے والےناخوشگوار واقعہ پر ردعمل دیا۔
لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد نے افغان کرکٹرز کی جانب سے نامناسب رویےکا مظاہرہ کرنے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان ٹیم کو کرکٹ میں آئے جمعہ جمعہ آٹھ دن ہوئے ہیں اور اب یہ ہمیں آنکھیں دکھاتے ہیں، ان کو لانے اور کھلانے والے ہم ہیں مگر ان کے چہرے اور زبانیں دیکھیں، یہ چاہتے کیاہیں؟
جاوید میانداد نے افغان کھلاڑیوں کے رویے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابھی افغانستان کرکٹ ٹیم نے بہت کم کرکٹ کھیلی ہے مگر ان کے دماغ ابھی سے خراب ہورہے ہیں۔
انہوں نے بابراعظم کو مشورہ دیا کہ انہیں رنز کی فکر کرنےکےبجائے پچ پر وقت دینا چاہیے، سنگل اور ڈبلز کیلئے کوششیں کریں رنز تو خودبخود بن جاتے ہیں، فائنل میں پاکستان فیورٹ ٹیم ہے۔