بطور وزیر خزانہ خیبر پختونخوا کو قرض فری بنا دیا تھا: سراج الحق

siraj-ulhaq-kpk-asm-tax-free.jpg


لاہرر: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ بطور وزیر خزانہ خیبر پختونخوا کو میں نے قرض فری بنایا تھا، میڈیا سے گفتگو میں سراج الحق نے کہا سنگاپور اور جاپان نے گرتی معیشت کے باوجود ترقی کی، دنیا نے ترقی کی اور مریخ پر قدم رکھ دیا لیکن یہاں آج بھی حکمران آٹے کے ٹرک اور لنگر خانے کھول رہے ہیں۔

سراج الحق نے مزید کہا میں نے خیبرپختونخوا میں 6 بجٹ پیش کیے تھے اور بطوروزیر خزانہ خیبرپختونخوا میں نے صوبے کو قرض فری بنا دیا تھا لیکن آج پھر خیبر پختونخوا پر ایک ہزار ارب روپے کا قرض چڑھ چکا ہے۔

سراج الحق نے کہا پورا ملک ہی نااہل پارٹیوں کی وجہ سے قرضوں کی دلدل میں پھنس چکا ہے،دنیا غربت کو ختم کرنا چاہتی ہے لیکن ہمارے سیاستدان ایک دوسرے کو ختم کرنے کا اعلان کر رہے ہیں۔
معدنیات سے مالا مال ملک پاکستان آج غربت کی دلدل میں ہے جبکہ اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بدانتظامی اور کرپشن ہے۔

اس سے پہلے امیر جماعت اسلامی نے کہا تھا عمران خان نے اپنے آپ پر سیاسی خودکش حملہ کیا، ملک کی موجودہ صورتِ حال پر ہر پاکستانی پریشان ہے،موجودہ ملکی صورتِ حال کی ذمے دار پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا عمران خان نے سائفر کے حوالے سے فون کیا تو میں نےان سے سائفر کی کاپی مانگی لیکن آج ایک سال گزرنے کے باجود بھی عمران خان نے سائفر نہیں دیا،نیب میں جماعت اسلامی پر ایک بھی کیس نہیں ہے،پی ڈی ایم کے سربراہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے سودی نظام کے خاتمے اور شرعی عدالت کے حکم پر عمل نہیں کیا،جلاؤ گھیراؤ کے واقعات اور تخریب کاری کی مذمت کرتے ہیں۔