جنگ نیوز کی خبر کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاری کو متوجہ کرنے کے لیے ایک بڑا دھچکا، چین کی سب سے بڑی کمپنیوں میں سے ایک، ’’سنچری اسٹیل گروپ‘‘ نے پاکستان میں اپنا کاروبار بند کرنے اور سرمایہ کاری واپس لینے کی دھمکی دے دی۔ چینی کمپنی نے یہ فیصلہ اس وقت کیا جب سی پیک رشکئی خصوصی اقتصادی زون (RSEZ) میں ان کے منصوبوں کے حوالے سے متعدد مسائل حل نہیں کیے جا سکے۔
حکومت کے اعلیٰ عہدیدار نے دی نیوز کو بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کمپنی کی شکایات حل کرنے کے لیے وزیر علیم خان کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، جس میں وفاقی و صوبائی حکومت کے دیگر اراکین بھی شامل ہیں۔
سنچری اسٹیل گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) لی چنجیان نے وزیراعظم پاکستان کو لکھے گئے ایک خط میں کہا کہ کمپنی نے کئی مسائل کی وجہ سے پاکستان میں اپنا کاروبار ختم کرنے اور پروجیکٹ واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ خط میں مزید کہا گیا کہ چائنہ سنچری اسٹیل گروپ افسوس کے ساتھ آگاہ کرتا ہے کہ ان کے پروجیکٹ کی کامیابی کے لیے ضروری اقدامات پاکستان کے مختلف اداروں کی جانب سے نہیں کیے گئے، جن کی وجہ سے کمپنی اب اپنے پلانٹ کو بند کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
کمپنی نے اس معاملے کو حکومت پاکستان کے لیے آخری وارننگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان مسائل کو فوری طور پر حل نہ کیا گیا تو وہ رشکئی اقتصادی زون سے اپنا پلانٹ ختم کرنا شروع کر دیں گے۔
سنچری اسٹیل گروپ کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں تین مرحلوں میں سب سے بڑی سٹیل مل لگانے کا منصوبہ لے کر آئی تھی، جس کا پہلا مرحلہ 82 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے شروع ہوا تھا۔ اس میں سے 30 ملین ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری پہلے ہی رشکئی اقتصادی زون میں کی جا چکی ہے، جس سے سالانہ 5 لاکھ ٹن اسٹیل مصنوعات کی پیداوار متوقع ہے۔ بقیہ دو مرحلوں میں مزید 200 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے جدید اسٹیل ٹیکنالوجی چین سے پاکستان منتقل ہو کر اسٹیل مصنوعات کی پیداوار میں اضافہ کرے گی۔ کمپنی کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد پاکستان کی معیشت میں اضافہ کرنا، ہزاروں نئی ملازمتیں پیدا کرنا اور علاقائی منڈیوں میں سٹیل کی مصنوعات کی برآمدات کو بڑھانا تھا۔
https://twitter.com/x/status/1860281808753209449
https://twitter.com/x/status/1860346584069804205
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/pakistan-china-pak.jpg
Last edited by a moderator: