بھارتی نجی ائرلائن کے طیارے کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ، خاتون انتقال کر گئی

karachi-plane-paka.jpg


بھارتی نجی ایئرلائن کے طیارے نے خاتون کی طبیعت خرابی کے باعث کراچی میں ہنگامی میڈیکل لینڈنگ کی، تاہم خاتون زندگی کی بازی ہار گئی,ذرائع کے مطابق بھارتی ائرلائن کی پرواز حیدر آباد دکن سے سعودی عرب جا رہی تھی کہ دورانِ پروازخاتون مسافرکی طبیعت خراب ہوئی۔ طیارے کے کپتان نے پاکستان ائر ٹریفک کنٹرولرسے پروازکوکراچی اتارنے کی اجازت مانگی۔

پرواز کی ہنگامی طبی بنیاد پر لینڈنگ کے بعد خاتون مسافرکو جناح ٹرمینل پرطبی امداد فراہم کی گئی، تاہم خاتون مسافرجانبرنہ ہوسکی۔

ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق طیارہ نے صبح 4 بج کر 15 منٹ پر کراچی ائرپورٹ پر لینڈ کیا۔ طیارے کی بھارتی خاتون مسافر جوہرہ بی کو معائنے پر مردہ پایا گیا,طیارہ مردہ خاتون کو لے کر 6 بج کر 15 منٹ پر اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگیا۔

کراچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر ایک اور میڈیکل ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔ مسقط سے کراچی آنے والی غیر ملکی ائرلائن کے طیارے میں دوران پروازمسافر کی اچانک طبیعت خراب ہوگئی۔ ترجمان سی اے اے کے مطابق ایمبولینس ،ڈاکٹر،پیرا میڈیکل اسٹاف طلب کیا گیا۔ طیارہ لینڈنگ کے لیے اپروچ پر تھاکہ اچانک مسافر کو مرگی کے دورے پڑے۔

طیارے کو فوری طور پر لینڈنگ کرائی گئی۔ ڈاکٹر پیرا میڈیکل اسٹاف رن وے پر پہنچا اور مسافر کے طبی معائنے کے بعد سول ایوی ایشن کی ایمبولینس کے ذریعے نجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

گزشتہ ماہ مسقط سے اسلام آباد کی پرواز میں مسافر انتقال کرگیا تھا جس کے باعث کراچی میں طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کی گئی تھی۔
مسقط سے اسلام اباد کی عمان ائیر کی پرواز میں مسافر کے انتقال پر طیارے کو ہنگامی طور پر کراچی اتار لیا گیا تھا۔

ایوی اشن ذرائع کے مطابق عمان ائیر کی پرواز ڈبلیو وائی 345 نے مسقط سے مقامی وقت کے مطابق صبح 3 بج کر 4 منٹ پر اسلام آباد کے لیے ٹیک آف کیا تھا۔