بھارت: نئی دہلی میں بدترین فضائی آلودگی،اسکولوں کو بند کر دیا گیا

delhi%20air%20pp.jpg


غیر ملکی خبر رساں ادارے فوربز کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں فضائی آلودگی کی صورتحال انتہائی خراب ہوچکی ہے جس کے باعث مقامی اسکولوں کو ایک ہفتے کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔

نئی دہلی سمیت بھارت کے مختلف شہروں کو بدترین فضائی آلودگی کا سامنا ہے، دہلی کے بعد ریاست ہریانہ میں بھی تمام اسکول بند کرنےکی ہدایت کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ دہلی میں17 نومبر تک تمام تعمیراتی سرگرمیوں پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔

نئی دہلی میں واقع سرکاری اور نجی دفاتر کے ملازمین کو گھر سے کام کرانے کی تجوزی دے دی گئی ہے۔ پابندیوں کا اطلاق نئی دہلی کے چارقریبی اضلاع گروگرام، فرید آباد، سونی پت اور جھاجر پر بھی ہوگا۔ قبل ازیں بھارتی سپریم کورٹ بھی دارالحکومت میں 2 روزہ لاک ڈاؤن نافذ کرنےکی تجویز دے چکی ہے۔


نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کا کہنا ہے کہ شہر میں مکمل لاک ڈاؤن کا امکان ہے لیکن اس کا فیصلہ متعلقہ ایجنسیوں اور وفاقی حکومت سے مشاورت کے بعد کیا جائےگا۔ دوسری جانب دہلی حکومت نے اعتراف کیا ہےکہ بھارتی دارالحکومت کی فضا میں سانس لینا روزانہ 20 سگریٹس پینے جیسا ہے مگر صورتحال کو بہتر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔