بھارت کیوں نہیں آ رہا ؟ پی سی بی کا ایشین کرکٹ کونسل کو احتجاجی خط

pcb-asia-cup-pak-vs-india.jpg


ایشیا کپ کیلئے بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے کے معاملے پرپی سی بی نے سخت ایکشن لے لیا، پی سی بی نے ایشین کرکٹ کونسل کواحتجاجی خط لکھ دیا۔

پی سی بی نے خط میں لکھا کہ اے سی سی کے صدرجے شاہ سے وضاحت طلب کی جائے کہ انہوں نے تنہا ایشیا کپ کو نیوٹرل وینیوپرمنتقل کرنے کا بیان کیوں دیا۔

خط میں کہا گیا کہ اگراکیلے ہی فیصلے کرنے ہیں تو پاکستان کونسل سے علیحدگی اختیار کر سکتا ہے،پاکستان آئندہ سال بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کا بائیکاٹ بھی کرسکتا ہے۔

پی سی بی نے خط میں بی سی سی آئی کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سیکریٹری سے وضاحت طلب کی ہے، پی سی بی کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل مجاز اتھارٹی ہے، بی سی سی آئی سیکریٹری کے بیان پر وضاحت مانگے۔

خط میں کہا کہ بطور اے سی سی رکن بھارت کو اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے، امید ہے اے سی سی آئندہ سال پاکستان میں ہونیوالے ٹورنامنٹ میں بھارت کی شرکت کو یقینی بنائے گا۔

گزشتہ روز بھارت نے ایشیا کرکٹ کپ 2023 کے لیے پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا، بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شا نے کہا کہ ایشیا کپ کسی نیوٹرل وینیو پر ہو سکتا ہے لیکن بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی۔

آخری بار بھارتی ٹیم نے راہول ڈریوڈ کی قیادت میں 2005 سے 2006 میں دو طرفہ سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا، بھارت اور پاکستان نے 2012 سے 2013 کے بعد سے کوئی دو طرفہ کرکٹ سیریز نہیں کھیلی ہے۔