گرمیوں سے قبل تمام سرکاری عمارتوں کو سولر انرجی پر منتقل کیا جائے، وزیراعظم کی ہدایت
وزیراعظم شہباز شریف نے گرمیوں کی آمد سےقبل تمام سرکاری عمارتوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے شمسی توانائی کے فروغ کے حوالے سے منعقد کردہ اہم اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار،وزیر توانائی خرم دستگیر،وزیر تجارت نوید قمر، مشیر ان، معاونین سمیت اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موسم گرما کے آنے سے پہلے تمام سرکاری عمارتوں کو سولر انرجی پر منتقل کردیا جائے، ابتدا ء وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع عمارتوں سے کیا جائے اور پھر مرحلہ وار پورے ملک میں سرکاری عمارتوں کو سولرائیزیشن کی جانب لے جایا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سولر انرجی سستی اور صاف بجلی حاصل کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے، یہ وقت کی ضرورت بھی ہے، موجودہ دور میں ایندھن کے امپورٹ بل میں کمی اور معیشت کی بہتری کیلئے ملک میں شمسی توانائی کو فروغ دینا لازم ہوگیا ہے، حکومت نجی سطح پر بھی شمسی توانائی کے استعمال کو فروغ دینے کیلئے ضروری اقدامات کرے۔
وزیراعظم نے اجلاس میں تمام وفاقی اداروں کے لیے سینٹرلائیزڈ پروکیورمنٹ کا اختیار دینے کی ہدایات دیتےہوئے کہا کہ یہ موثر اور شفاف نظام ہے، سرکاری عمارتوں کے سولر انرجی پر منتقل ہونے سے سرکاری اداروں میں بجلی کے استعمال اور بلوں میں کمی واقع ہوگی۔