حکومت پاکستان نے اربوں کے انویسٹمنٹ بانڈز نیلامی میں فروخت کر دیئے

state-bank-of-pak-bnddds.jpg


10 سال کے 66 ارب روپے مالیت کے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز بھی نیلامی میں فروخت کیے گئے : سٹیٹ بینک
حکومت پاکستان نے اربوں روپے کے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز (پی آئی بیز) نیلامی میں فروخت کر دیئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان کی طرف سے 252 ارب روپے مالیت کے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز (پی آئی بیز) کو نیلامی میں فروخت کر دیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اربوں کے پی آئی بیز کی نیلامی میں 3، 5 اور 10 سال کے پیپرز فروخت کیے گئے جبکہ 15، 20 اور 30 سال کے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز کیلئے کوئی خریدار نہیں مل سکا۔

حکومت پاکستان کی طرف سے 139 ارب روپے مالیت کے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز (پی آئی بیز) کو 3 سال کے لیے فروخت کیا گیا ہے۔ 3 برسوں کے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز کی کٹ آف ایلڈ 180 بیسز پوائنٹس سے کم ہو کر 17 اعشاریہ 39 فیصد رہی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق 5 سال کے لیے 46 ارب روپے مالیت کے پاکستان سٹیٹ بانڈز کو نیلامی میں فروخت کیا جا چکا ہے۔ 5 برسوں والے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز کی کٹ آف ایلڈ 100 بیسز پوائنٹس میں کم ہو کر 15 اعشاریہ 95 فیصد رہی ہے۔

حکومت کی طرف سے 10 سال کے 66 ارب روپے مالیت کے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز بھی نیلامی میں فروخت کیے گئے ہیں جن کی کٹ آف ایلڈ 15 بیسز پوائنٹس کی کمی سے 15 اعشاریہ 1 فیصد رہی۔ سٹیٹ بینک کے مطابق 15، 20 اور 30 برسوں والے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز کی خریداری کے لیے نیلامی میں کوئی بھی پیشکش موصول نہیں ہوئی۔
2 اکتوبر کو ہونے والی گزشتہ نیلامی کے مقابلے میں 3، 5 اور 10 سالہ انویسٹمنٹ بانڈز کی نیلامی میں بالترتیب 180، 100 اور 15 بیسز پوائنٹس (بی پی ایس) کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کے مطابق توقع کی جا رہی ہے کہ شرح سود اس وقت عروج پر ہے جو آئندہ چند مہینوں میں کم ہو جائے گی اس لیے یہ کمی ریکارڈ کی گئی۔