دنیا کی 10 بڑی سیاسی جماعتوں کی فہرست جاری، پی ٹی آئی کا نام شامل

imran-khan-party-top10-world-wide.jpg


پاکستان تحریک انصاف ان دنوں ملک میں مشکلات کا شکار ہے، لیکن عالمی دنیا میں اس جماعت کی اہمیت الگ ہے،ورلڈ آف اسٹیٹسکس نامی ادارے نے دنیا کی بڑی سیاسی جماعتوں کی فہرست شائع کردی، فہرست میں دس بڑی جماعتوں میں پی ٹی آئی کا نام بھی شامل ہے،فہرست میں پاکستان کی صرف ایک ہی جماعت کو شامل کیا گیا ہے۔

ورلڈ آف اسٹیٹکس کی جانب سے یہ درجہ بندی سیاسی جماعتوں کے رجسٹرڈ کارکنوں کی تعداد کی بنیاد پر کی گئی اور سر فہرست 10 سیاسی جماعتوں میں 4 کا تعلق بھارت، 2 کا تعلق امریکا سے ہے جب کہ چین، پاکستان، ترکیہ اور ایتھوپیا کی ایک ایک سیاسی جماعت شامل ہے۔

فہرست کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی سیاسی جماعت پڑوسی ملک کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی ہے، جس کے کارکنوں کی تعداد 180 ملین ہے، جب کہ دنیا کی دوسری بڑی سیاسی جماعت چین کی چائنا کمیونسٹ پارٹی ہے،جس کے پارٹی کارکنوں کی تعداد 98.04 ملین ہے۔ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر بھی بھارت کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت انڈین نیشنل کانگریس موجود ہے، جس کے کارکنوں کی تعداد 50 ملین ہے۔

https://twitter.com/x/status/1687841295480311810
امریکا کی موجودہ حکمراں جماعت ڈیموکریٹک پارٹی دنیا کی چوتھی بڑی سیاسی جماعت ہے جس کے کارکنوں کی تعداد 47.13 ملین جب کہ سابق امریکی صدر ٹرمپ کی جماعت ری پبلیکن پارٹی 36.01 ملین پارٹی کارکنوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

بھارتی ریاست تامل ناڈو کی جماعت آل انڈیا انا دراوڈا منیٹرا کژاگم اس فہرست میں چھٹے نمبر پر ہے جس کے پارٹی ورکرز 16 ملین ہیں۔ ترکی کی حکمراں جماعت اے کے پارٹی 11.24 ملین پارٹی ورکرز کے ساتھ دنیا کی ساتویں بڑی جماعت ہے۔

افریقی ملک ایتھوپیا میں 2019 میں تشکیل دی گئی پراسپیرٹی پارٹی اپنے عوامی منشور کے باعث اتنی مقبولیت حاصل کرچکی ہے کہ چار سال میں 11 ملین پارٹی کارکنوں کے ساتھ یہ دنیا کی آٹھویں بڑی سیاسی جماعت بن گئی ہے۔

نویں نمبر پر بھارتی دارالحکومت دہلی کی ریاستی حکمراں جماعت عام آدمی پارٹی ہے جس کے پارٹی کارکنان کی تعداد 10.5 ملیں ہے جب کہ دسویں نمبر پر پاکستان کی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف ہے جس کے کارکنوں کی تعداد 10 ملین ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی نا اہلی کو مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ عدالت عظمٰی میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا،گزشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو 5 سال کیلئے نا اہل قرار دے دیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کو این اے 45 کُرم سے ڈی نوٹیفائی کیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو توشہ خانہ کیس میں 3 سال سزا اور ایک لاکھ روپے جرمانہ ہوا لہٰذا چیئرمین پی ٹی آئی آئین کے آرٹیکل 63 ون ایچ کے تحت نااہل ہوگئے۔

الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق عمران خان الیکشن ایکٹ کے سیکشن 167 کے تحت کرپٹ پریکٹس مرتکب پائے گئے، انہیں الیکشن ایکٹ کی سیکشن 174 کے تحت 3 سال قید کی سزا اور ایک لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔