وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی کیپٹل پولیس نے رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کے وارنٹ لے کر آنے والی اینٹی کرپشن ٹیم کو واپس بھجوادیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم وفاقی وزیر داخلہ کو گرفتار کرنے کیلئے وارنٹ لے کر مدد کیلئے اسلام آباد کے تھانہ کوہسار پہنچ گئی، تاہم تھانہ کوہسار کے پولیس حکام نے اینٹی کرپشن کی ٹیم کو آگاہ کیا کہ رانا ثناء اللہ کی رہائش تھانہ کوہسار کی حدود میں نہیں آتی۔
پولیس حکام نے اینٹی کرپشن کی ٹیم کو آگاہ کیا کہ وفاقی وزیر داخلہ کے وارنٹ گرفتاری پر جو ایڈریس درج ہے وہ فیصل آباد کا ہے، کیپٹل پولیس نے 4 افسران پر مشتمل اینٹی کرپشن کی ٹیم کو واپس بھجوادیا ۔
دوسری جانب رانا ثنا ء اللہ کی گرفتاری پر اسلام آباد پولیس کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے، ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق وارنٹ کی تکمیل کیلئے اگر اینٹی کرپشن کی ٹیم تھانے آئی تو ان سے کاغذات وصول کرلیے جائیں گے اور درخواست کی جائےگی کہ وارنٹ کی تکمیل کیلئے ریکارڈ مہیا کرے جس کےبعد قانون کے مطابق عمل کیا جائے۔
یادرہے کہ اینٹی کرپشن پنجاب کے اسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے، آج صبح اینٹی کرپشن پنجاب کی ایک ٹیم وفاقی وزیر داخلہ راناثناء اللہ کی گرفتاری کےوارنٹ جاری ہونے کے بعد عملدرآمد کیلئے اسلام آباد روانہ ہوئی تھی۔