سیمنٹ کی برآمدات میں سالانہ 130.24فیصد نمو ریکارڈ، اعدادوشمار جاری

cement-pakistam-al.jpg


سیمنٹ کی برآمدات کا حجم 9لاکھ 81 ہزار 395 میٹرک ٹن ریکارڈ کیا گیا ہے : پاکستان بیورو برائے شماریات

پاکستان بیورو برائے شماریات کی طرف سے ملک سے سیمنٹ کی برآمدات کے حوالے سے شرح نمو کے اعدادوشمار جاری کردیئے گئے۔ پاکستان بیورو آف شماریات کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 2 مہینے میں ملک سے سیمنٹ کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 130.24 فیصد نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ ماہ جولائی اور اگست میں سیمنٹ کی برآمدات کا حجم 39.641 ریکارڈ کیا گیا ہے جو پچھلے مالی سال کی اسی مدت میں 17.21 ملین ڈالر تھا۔

پاکستان بیورو برائے شماریات کے مطابق سیمنٹ کی برآمدات میں مقدار کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر مالی سال کے پہلے 2 مہینوں (جولائی تا اگست) کے دوران 198 فیصد شرح نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ مجموعی طور پر ماہ جولائی اور اگست کے دوران ملک سے سیمنٹ کی برآمدات کا حجم 9لاکھ 81 ہزار 395 میٹرک ٹن ریکارڈ کیا گیا ہے جو پچھلے مالی سال کے اسی دورانیے میں 3 لاکھ 29 ہزار 157 میٹرک ٹن ریکارڈ کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق اگست میں ملک سے سیمنٹ کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 102.74 فیصد شرح نمو ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ماہ اگست کے دوران سیمنٹ کی برآمدات کا مجموعی حجم 23.49 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو پچھلے سال اسی دورانیے میں 11.58 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

علاوہ ازیں پاکستان بیورو برائے شمارت کے جاری اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 2 مہینوں میں ملکی کرنسی میں برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 22.45 فیصد کی نمو ریکارڈ ہوئی ہے۔ ماہ جولائی اور اگست کے دوران ملکی کرنسی میں برآمدات کا مجموعی حجم 12 لاکھ 76 ہزار 238 ملین روپے ریکارڈ کیا گیا ہے۔