شہباز کو وزیراعظم کے عہدے کا امیدوار ہونے کی صرف تسلی دی جارہی ہے،اعتزاز

7aitzashabazlori.jpg

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے بڑا انکشاف کر دیا، کہتے ہیں کہ نوازشریف وطن واپس نہیں آئیں گے، مسلم لیگ ن کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نجی نیوز چینل کے پروگرام 'پاکستان کا سوال' میں ملکی سیاست اور موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی رہنما اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ نوازشریف سیاست کے کھلاڑی ہیں اور انہوں نے کمال کی چالیں چل دی ہیں، نوازشریف وطن واپس نہیں آئیں گے۔


انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا گیا ہے، میں نہیں سمجھتا کہ شہبازشریف کا آگے ہونا ممکن ہے، شہباز شریف کو وزیراعظم کے عہدے کے لئے امیدوار ہونے کی صرف تسلی دی جارہی ہے۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ مریم نواز کا حمزہ اور شہبازشریف کے حق میں دستبردار ہونے کی کوئی صورت دکھائی نہیں دے رہی۔

پی پی پی رہنما نے کہا کہ سیاست میں گولیاں نہیں چلتی، اسٹریٹجی اور پالیسی ہوتی ہے، نوازشریف کے بعد مریم نواز ہی ان کی جانشین ہوں گی اور مریم نواز کے بعد اب جنید صفدر بھی میدان میں اتر آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کو محض بچھڑا بنا کر پیش کیا گیا ہے، ان کا لہجہ تبدیل کرکے فوج کو دکھایا جارہا ہے کہ ہماری طرف سے یہ ہیں لیکن شکاری اوپر کھڑا ہے۔

پنجاب الیکشن کی حوالے سے بات کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کی قیادت کو بھی آکر بیٹھنا پڑے گا اور مسلم لیگ ن سے مقابلہ کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ ایکسپوز ہوچکی ہے، سب سچائی سامنے آگئی ہے، اس بار شہباز شریف کو لیڈر شپ نہیں دی جائے گی، مسلم لیگ ن کے اندر بھی لیڈرشپ کی لڑائی واضح ہے انہوں نے بات کے اختتام میں کہا کہ موجودہ حکومت اگر گری تو اپنے ہی وزن سے گرے گی۔