عام انتخابات 2024: حکومت نے سیکیورٹی کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دےدی

election-pakistan-sc.jpg


نگراں حکومت نے ملک میں عام انتخابات 2024 کیلئے 7 رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی ہے، کمیٹی سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے 7 رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دیدی ہے، جس کے بعد باقاعدہ طور پر ایک نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، کمیٹی کا سیکریٹریٹ وزارت داخلہ میں قائم کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق وزارت مواصلات، میری ٹائم افیئرز ریلوے کے وزراء کو کمیٹی کے کنوینئر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ کمیٹی میں چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور وفاقی سیکرٹری داخلہ بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

کمیٹی کو انتخابات میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کا ٹاسک دیا گیا ہے، اس کے علاوہ کمیٹی محکموں میں روابط، انتظامی امور، ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور ہنگامی حالات کا بھی جائزہ لے گی۔

کمیٹی صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کے احکامات پر عملدرآمد بھی یقینی بنائے گی اور الیکشن کیلئے اضافی سیکیورٹی کی فراہمی کیلئے بھی فوری ہدایات دے گی۔