عمران خان پرحملے کی تفتیش سی ٹی ڈی کےسپرد،ملزم کے پولی گرافک ٹیسٹ کا فیصلہ

CTd-imran-khan-case-mr-mr.jpg


چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تفتیش سی ٹی ڈی کے سپرد کردی گئی،گرفتار ملزم نوید کو سی ٹی ڈی سیل منتقل کردیا گیا ہے،ملزم کو چوہنگ میں قائم سی ٹی ڈی کے سیل میں پہنچادیا گیا ہے جب کہ ملزم سے سی ٹی ڈی سمیت دیگراداروں کی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

ملزم کے بیان کے بعد پولی گرافک ٹیسٹ کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ واقعہ کا مقدمہ سی ٹی ڈی یا مقامی تھانے میں درج کیا جائےگا،دوسری جانب پولیس اور حساس اداروں نے وزیرآباد میں جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں،پستول کے نو اور بڑی گن کے دو خول برآمد، گزشتہ روز عمران خان پر قاتلانہ حملے میں ایک شخص جاں بحق اور تیرہ افراد زخمی ہوئے تھے۔

عمران خان پر قاتلانہ حملے کرنے والے ملزم نوید دوسرا ویڈیو بیان بھی سامنے آگیا ہے،ملزم نوید کا کہنا ہے کہ عمران خان کے کنٹینر کو ٹارگٹ کیا تھا، میگزین میں چھبیس یا ستائیس گولیاں تھیں، سات سے آٹھ گولیاں چلائیں،صرف عمران خان کو ٹارگٹ کرنا تھا،حملہ آور کا پہلا ویڈیوبیان لیک ہونے پروزیراعلی پنجاب نے متعلقہ تھانے کے عملے کو معطل کردیا تھا۔

عمران خان شوکت خانم اسپتال میں زیر علاج ہیں، ان کی سرجری مکمل کرلی گئی ہے، ڈاکٹرز کے مطابق عمران خان کی طبیعت بہتر ہے،میڈیکل بورڈ طبی معائنے کے بعد ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کرے گا۔