وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے "روشن پنجاب پروگرام" کے حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے سولرائزیشن پراجیکٹ کی تصویریں شیئر کردی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر مریم نواز شریف نے" وزیراعلیٰ پنجاب کا روشن پنجاب پروگرام" کے حوالے سے پیغام جاری کرتے ہوئے اس پروگرام کےتحت لگائے گئے سولر منصوبوں کی تصاویر شیئر کیں۔
مریم نواز شریف نے اس بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب کے 50ہزار گھرانوں میں ون کے وی سولر سسٹم لگانے کی اصولی منظوری دیدی گئی ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ کا مختلف گھروں میں ون کےوی سولر سسٹم لگا کر افادیت کا جائزہ لینے کا حکم بھی دیا ، اس پروگرام کےتحت شہریوں کو دو سولر پلیٹیں، بیٹری، انورٹر اور تاریں فراہم کی جائیں گی، یہ سہولت 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنےوالے صارفین کو فراہم کی جائے گی۔
مریم نواز شریف نے جو تصاویر شیئر کیں وہ اکتوبر 2020 میں خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے چارسدہ کے ایک سرکاری اسکول میں سولر سسٹم نصب کرنے کے بعد اتاری گئی تھیں اور یہ تصاویر اس وقت کی میڈیا رپورٹس کے ساتھ بھی شیئر کی گئیں تھیں۔
مریم نواز کی اس غلطی کی نشاندہی کرتے ہوئے فیصل امین خان نے کہا کہ عمران خان ٹھیک کہتے تھے کہ ایک تو یہ نالائق ہیں اور دوسرا یہ سیکھنے کی کوشش بھی نہیں کرتے۔
انہوں نے طنزیہ انداز اپناتے ہوئے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب خیبر پختونخوا سولرائزیشن کی تصاویر لگا کر کریڈٹ لینے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔